چیف سیکرٹری پنجاب کی صوبہ میں ایکسل لوڈ منیجمنٹ نظام مزید موثر بنا نے کی ہدایت
ایکسل لوڈ نظام پر کامیابی سے عملدرآمد پر سیکرٹری ٹرانسپورٹ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، چیئرمین پی آئی ٹی بی فیصل یوسف کی کوششوں کی تعریف
چیف سیکرٹری پنجاب کی صوبہ میں ایکسل لوڈ منیجمنٹ نظام مزید موثر بنا نے کی ہدایت. شفافیت یقینی بنانے کیلئے تمام سڑکوں پر ٹول ٹیکس آن لائن وصول کیا جائے گا، اجلاس میں فیصلہ. مال بردار گاڑیوں کی چیکنگ کیلئے صوبے میں نو مقامات پر مستقل ویٹ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں۔ ایکسل لوڈ نظام پر کامیابی سے عملدرآمد پر سیکرٹری ٹرانسپورٹ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، چیئرمین پی آئی ٹی بی فیصل یوسف کی کوششوں کی تعریف.چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو ہدایت کی ہے کہ صوبہ میں ایکسل لوڈ منیجمنٹ نظام مزید موثر بنا یا جائے۔انہوں نے یہ ہدایت آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شفافیت یقینی بنانے کیلئے تمام سڑکوں پر ٹول ٹیکس آن لائن وصول کیا جائے گا۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ صوبہ میں 1700کلومیٹر شاہراہوں پر ایکسل لوڈ منیجمنٹ پر کامیابی سے عملدرآمد کرایا جا رہا ہے اور مال بردار گاڑیوں کی چیکنگ کیلئے صوبے میں نو مقامات پر مستقل ویٹ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقررہ حد سے زائد وزن لوڈ کرنے پر مال بردار گاڑیوں کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ ایکسل لوڈ قوانین پر عمل نہ ہونے سے اربوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونیوالی سڑکوں کو نقصان پہنچتا تھا، ایکسل لوڈ منیجمنٹ کے ذریعے حادثات اور سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ کے نقصان سے بچایا جا سکے گا۔انہوں نے ایکسل لوڈ مینجمنٹ پر کامیابی سے عملدرآمد پر سیکرٹری ٹرانسپورٹ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی اور چیئرمین پی آئی ٹی بی فیصل یوسف کی کوششوں کو سراہا۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ نئی سڑکوں کی تعمیر کی بجائے133بین الاضلاعی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کو ترجیح دی گئی جن میں سے 104سڑکوں کی مرمت و بحالی کا کام جلد مکمل کر لیا جائے گا۔سیکرٹری ٹرانسپورٹ احمد جاوید قاضی نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ تمام اضلاع کے داخلی راستوں پر مال بردار گاڑیوں کیلئے وزن کی حد سے متعلق سائن بورڈز نصب کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس،پنجاب ہائی ویز پولیس کی معاونت سے 17 اہم کوریڈورزپر ایکسل لوڈ قوانین نافذ کئے گئے ہیں۔اجلاس میں محکمہ قانون،مواصلات و تعمیرات کے سیکرٹریز، پنجاب ہائی ویز پولیس کے حکام اور متعلقہ افسران نے شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔