ایس ایم تنویر کا یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر خصوصی پیغام
اقوام عالم کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں سیاسی مستقبل کے تعین کاحق دلانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے اور اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کی آواز بنے اور ان کاحق دلائے
پاکستان لاہور(نمائندہ وا ئس آف جرمنی):صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے کہا ہے کہ بھارت گزشتہ 7عشروں سے کشمیریوں کے حقوق پامال کر رہا ہے، نہتے کشمیریوں پر بھارتی قابض افواج کے مظالم پر عالمی برادری کی بے حسی قابل افسوس ہے، اقوام عالم کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں سیاسی مستقبل کے تعین کاحق دلانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے اور اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کی آواز بنے اور ان کاحق دلائے.صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پوری قوم نہتے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے اور کشمیریوں سے اپنی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت کے عزم کا اعادہ کرتی ہے. انہوں نے کہا کہ مودی سرکار نے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے بین الاقوامی قوانین کو پامال کیا، بھارت کے مظالم اور ظالمانہ ھتکنڈے کشمیریوں کی آواز کو کبھی دبا نہیں سکتے، دنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں کو ان کے حق خود ارادیت سے محروم نہیں کرسکتی، کشمیر میں غلامی کی زنجیریں ضرور ٹوٹیں گی اور کشمیر کی آزادی کا سورج طلوع ہوگا، ایس ایم تنویر نے کہا قوم بہادر کشمیریوں کو ان کی جدوجہد آزادی پر انہیں سلام پیش کرتی ہے اور ان سے اظہارِ یکجہتی کے لئے آج سڑکوں پر ہے.