الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آٹھ فروری 2024 کے عام انتخابات کے لیے ملک کے تمام 859 انتخابی حلقوں کے لیے 26 کروڑ بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام مکمل کر لیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے اتوار کے بیان کے مطابق عدالتی فیصلوں کے باعث جہاں دوبارہ بیلٹ پیپرز کی ضرورت تھی، وہ کام بھی بروقت مکمل کر لیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق ’اب پورے ملک میں بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا عمل شروع ہے جو کل(پیر) تک مکمل کر لیا جائے گا۔‘
الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق سنہ 2018 کے عام انتخابات میں 22 کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپے گئے تھے اور جن کے لیے 800 ٹن سپیشل سکیورٹی کاغذ استعمال ہوا تھا۔
’سنہ 2024 کے عام انتخابات کے لیے 26 کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں اور ان کی چھپائی پر دو ہزار 170 ٹن کاغذ استعمال ہوا ہے جس کی بڑی وجہ انتخابی حلقوں میں امیدواروں کی تعداد میں اضافہ ہے جو کہ 2018 کے انتخابات کے مقابلے میں ڈیڑھ سو گنا زیادہ ہے۔‘
لاہور میں عطاء تارڑ اور مصباح الرحمان کو نوٹس
الیکشن کمیشن آف پاکستان اور صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کے احکامات پر لاہور میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کارروائی کرتے ہوئے حلقہ این اے 127 سے ن لیگ کے امیدوار لاہور عطاء تارڑ اور حلقہ پی پی 160 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار میاں مصباح الرحمن کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔
صوبائی الیکشن کمشنر آفس کے مطابق لاہور میں ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے کی جانب سے ووٹوں کی مبینہ خریدوفروخت اور الیکشن دفتر پر حملے کے تناظر میں نوٹسز جاری کیے گئے۔
ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے دونوں امیدواروں کو پانچ فروری کو دستاویزی ثبوتوں کے ساتھ طلب کر لیا۔