انٹرٹینمینٹ

اننت امبانی کی شادی میں پرفارم کرنے والے فنکار ’نجی فنکشن‘ کے لیے کتنے پیسے لیتے ہیں؟

اننت امبانی اور ان کی ہونے والی اہلیہ رادھیکا مرچنٹ کی شادی میں مختلف ممالک سے ٹاپ کلاس سلیبریٹیز سمیت ملکی سربراہان نے بھی شرکت کی۔

انڈیا کے سب سے امیر شخص اور کاورباری مکیش امبانی کے بیٹے اننت امبانی کی شادی سے قبل تین روزہ جشن (پری ویڈنگ سلیبریشنز) نے دنیا بھر کے میڈیا اور سوشل میڈیا پر سرخیاں بنائیں۔
اننت امبانی اور ان کی ہونے والی اہلیہ رادھیکا مرچنٹ کی شادی میں مختلف ممالک سے ٹاپ کلاس سلیبریٹیز سمیت ملکی سربراہان نے بھی شرکت کی۔
بالی وُڈ اور ہالی وُڈ کے مشترکہ رنگوں میں رنگا شادی کا یہ جشن تین روز تک جام نگر میں جاری رہا جہاں درجنوں فنکاروں نے فن کا مظاہرہ کیا۔
اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی کے اس جشن کے دوران ایک بحث جاری رہی کہ مکیش امبانی نے ان میگا سٹارز کو شادی پر پرفارم کرنے کے کتنے پیسے دیے ہوں گے.
اسی سلسلے میں ویب سائٹ جی کیو انڈیا نے اپنے آرٹیکل میں اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی کے دوران پرفارم کرنے والے بڑے فنکاروں کے بارے میں معلومات دی ہے کہ وہ نجی فنکشن کرنے کے کتنے پیسے لیتے ہیں۔
ریانا
دنیا میں سب سے زیادہ پیسے لینے والی خاتون موسیقار ریانا نے اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی کی تقریب میں خوب جلوہ بکھیرا۔
ریانا عمومی طور پر نجی فنکشن کے 15 لاکھ ڈالر سے 80 لاکھ ڈالر تک لیتی ہیں تاہم انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے امبانی گروپ کی شادی میں شرکت کرنے کے لیے 80 سے 90 لاکھ ڈالر لیے ہیں جو کے 66 کروڑ سے 74 کروڑ انڈین روپے بنتے ہیں۔
دلجیت دوسانجھ
انڈین پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ کا شمار اُن پنجابی فنکاروں میں ہوتا ہے جو بالی وُڈ سمیت بین الاقوامی سطح پر بھی مشہور ہیں۔
اُن کے گانوں پر اکثر بالی وُڈ کے کنگ شاہ رخ خان سمیت کرینہ کپور اور باقی کئی ستاروں کو ناچتے دیکھا گیا ہے۔
ڈی این اے کی رپورٹ کے مطابق دلجیت دوسانجھ نجی فنکشن میں پرفارم کرنے کے چار کروڑ انڈین روپے لیتے ہیں۔
ایکون
ایکون ہالی وُڈ کے ان سنگرز میں سے ایک ہیں جو تقریبا پچھلی ایک دہائی سے زائد عرصے سے بالی وڈ میں بے حد مقبول ہیں۔
ایکون نے 2011 میں شاہ رخ خان کی ریلیز ہونے والی فلم را ون کے لیے بلاک بسٹر گانا ’چھمک چھلو‘ گایا تھا۔
سلیبریٹی ٹیلنٹ نیٹ کے مطابق ایکون نجی فنکشن میں پرفارم کرنے لیے تین لاکھ سے پانچ لاکھ ڈالر تک کا معاوضہ لیتے ہیں۔
ارجیت سنگھ
اننت امبانی کی شادی میں ارجیت سنگھ نے بھی اپنے فن کا خوب مظاہرہ کیا۔
ارجیت سنگھ انڈین میوزک انڈسٹری میں سب سے زیادہ پیسے لینے والے فنکاروں میں سے ایک ہیں۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ارجیت سنگھ شادی یا کسی نجی محفل میں پرفارم کرنے کے پانچ کروڑ انڈین روپے لیتے ہیں۔
شریا گوشال
رادھیکا مرچنٹ اور اننت امبانی کی شادی سے قبل تین روزہ جشن کی وائرل ہونے والی اہم جھلکیوں میں سے ایک شریا گوشال اور ارجیت سنگھ کی اکھٹی پرفارمنس بھی تھی۔
شریا گوشال اور ارجیت سنگھ نے 2007 میں ریلیز ہونے والی ہندی فلم ’بھول بھلیا‘ کا گانا ’میرے ڈھولنا‘ گایا۔
ڈی این اے کی رپورٹ کے مطابق شریا گوشال ایک گانا گانے کے 25 لاکھ انڈین روپے لیتی ہیں۔
اُدت نرائن
اُدت نرائن کا شمار انڈین موسیقی کے اُن بڑے ناموں میں ہوتا ہے جو 1990 کی دہائی میں اپنے عروج پر رہے۔
اُدت نرائن نے اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی کی تقریب میں فلم ’ویر زارا‘ کا مشہور گانا ’میں یہاں ہوں‘ گایا جس پر شاہ رخ خان اور اُن کی اہلیہ گوری خان جھومتے نظر آئے۔
ریپڈ کنگز کی رپورٹ کے مطابق اُدت نرائن نجی فنکشن میں پرفارم کرنے کے 22 سے 30 لاکھ انڈین روپے لیتے ہیں۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button