انشاء اللہ ڈاکٹرز کے ساتھ مل کر صحت کے شعبہ میں بہتری لائیں گے،خواجہ عمران نذیر
محکمہ پنجاب ایمرجنسی سروسز عوام کو بین الاقوامی معیار کی امدادی سروسز فراہم کر رہا ہے۔ انشاء اللہ جلد ایئر ایمبولینس سروس کا بھی آغاز کرنے جا رہے ہیں
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): صوبائی وزیر محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن و پنجاب ایمرجنسی سروسز خواجہ سلمان رفیق اور صوبائی وزیر محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر خواجہ عمران نذیر نے محکمہ پنجاب ایمرجنسی سروسز ٹھوکر نیاز بیگ کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری پنجاب ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے صوبائی وزراء صحت کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور محکمہ صحت کے وزیر بننے پر مبارکباد دی۔ صوبائی وزراء صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے پنجاب ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں عملی مشقوں کا جائزہ بھی لیا اور خود حصہ لیا۔سیکرٹری محکمہ پنجاب ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے صوبائی وزراء صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر کو محکمہ کے امور بارے تفصیلی بریفننگ بھی دی۔ صوبائی وزراء صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے محکمہ پنجاب ایمرجنسی سروسز میں امدادی کارروائیاں کی جدید تربیت حاصل کرنے صوبہ سندھ سے آئے نوجوانوں سے خطاب بھی کیا۔ جوانوں کے چاک و چوبند دستے نے صوبائی وزراء صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر کو سلامی پیش کی۔ صوبائی وزیر محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن و پنجاب ایمرجنسی سروسز خواجہ سلمان رفیق نے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج یہاں موجود ہر ریسکیویئر کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں۔ انشاء اللہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں عوام کی حقیقی معنوں میں خدمت کریں گے۔ آج اس محکمہ میں حاضر ہونا ایک اعزاز سے کم نہیں ہے۔ بہت سارے واقعات میں ریسکیویئرز کو لیڈ کرتے ہوئے دیکھا ہے۔ وزارت کسی پروٹوکول کا نام نہیں بلکہ ایک بہت بڑی ذمہ داری کا کام ہے۔ پاکستان کے سیاستدانوں کو وژنری ہونا چاہئے۔ انشاء اللہ ڈاکٹرز کے ساتھ مل کر صحت کے شعبہ میں بہتری لائیں گے۔ پاکستان کو اس وقت بہت سے چیلنجر کا سامنا ہے۔ انشاء اللہ اپنے ریسکیویئرز کیلئے مزید حفاظتی سہولیات فراہم کریں گے۔ پنجاب میں تمام عمارتیں ایس او پیز کے مطابق تعمیر ہونی چاہئیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف بہت محنت سے کام کر رہی ہیں۔ صوبائی وزیر محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر خواجہ عمران نذیر کا نوجوانوں نے اس موقع پر کہا کہ میرا اور خواجہ سلمان رفیق کے درمیان برادرانہ اور دیرینہ تعلقات قائم ہیں۔ ڈاکٹر رضوان نصیر کی خدمت انسانیت کیلئے کاوشوں کو سراہتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے ہم سب کے ذمے خدمت انسانیت لگائی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ریسکیویئرز کو خدمت انسانیت کا نادر موقع فراہم کیا ہے۔ ہمارے لئے صوبوں کے بارڈرز معنی نہیں رکھتے۔ کے پی سمیت پورے پاکستان میں ایسی ایمرجنسی سروسز کے خواہاں ہیں۔ پنجاب کو وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی شکل میں ایک بہترین ایڈمنسٹریٹر ملا ہے۔ سیکرٹری محکمہ پنجاب ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے اس موقع پر کہا کہ آج محکمہ پنجاب ایمرجنسی سروسز میں دونوں وزراء صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ آج تک صوبہ بھر میں ایک کروڑ چالیس لاکھ سے زائد شہریوں کو امدادی سروسز فراہم کر چکے ہیں۔ محکمہ پنجاب ایمرجنسی سروسز عوام کو بین الاقوامی معیار کی امدادی سروسز فراہم کر رہا ہے۔ انشاء اللہ جلد ایئر ایمبولینس سروس کا بھی آغاز کرنے جا رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے نزدیک خدمت انسانیت کا بڑا مقام ہے۔ موٹر بائیک ریسکیو سروس کے ذریعے 20 لاکھ شہریوں کو امدادی سہولیات فراہم کر چکے ہیں۔ موٹر بائیک سروس کا اوسط رسپونس ٹائم چار منٹ ہیں۔