پنجاب حکومت نے کسان کارڈ پر سابق وزیراعظم نواز شریف کی تصویر نہ لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
پیر کو لاہور ہائی کورٹ میں کسان کارڈ پر نواز شریف کی تصویر لگانے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔
پنجاب حکومت نے عدالت میں اپنا تحریری جواب جمع کرایا۔ سرکاری وکیل نے موقف اپنایا کہ ’نواز شریف کی تصویر والا کسان کارڈ نہیں بنا رہے۔ یہ درخواست وقت سے پہلے آ گئی ہے۔‘
عدالت نے درخواست گزار کو کہا کہ ’اگر حکومت پنجاب ایسا کرے تو آپ دوبارہ درخواست دائر کر دیں۔‘
عدالت نے درخواست شہری کی جانب سے واپس لیے جانے کی بنیاد پر خارج کر دی۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی کسان کارڈپر تصویر کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا۔
عدالت میں دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے نواز شریف کسان کارڈ کا آغاز کیا گیا ہے۔ کارڈ کے ذریعے قومی خزانے سے نواز شریف کی ذاتی تشہیر کی جا رہی ہے۔
درخواست کے مطابق قومی خزانے کو کسی بھی صورت ذاتی تشہیر کے لئے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئیتھی کہ حکومت کو نواز شریف کی تشہیر کے لئے قومی خزانے کا استعمال کرنے سے روکنے کا حکم جاری کیا جائے۔