
پاکستان اٹک میں وزیر صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر کا ضلع کے سرکاری اسپتالوں کا دورہ، دل کے مریضوں کے لیے کیتھ لیب جلد فعال ہونے کا اعلان
اس پروگرام کے تحت صوبے کے دور افتادہ اور دیہی علاقوں میں صحت کی بنیادی سہولیات ان کے دروازے پر مہیا کی جا رہی ہیں
اٹک (نمائندہ خصوصی) – وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے گورنمنٹ اسفند یار بخاری ڈسٹرکٹ ہسپتال اٹک کا تفصیلی دورہ کیا اور اعلان کیا کہ ہسپتال میں قائم کیتھ لیب جلد فعال کر دی جائے گی، جس سے دل کے مریضوں کو اینجیوگرافی، اینجیو پلاسٹی اور دیگر اہم سہولیات کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔
دورے کے موقع پر صوبائی وزیر کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف رضا، مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ ہولڈر ملک حمید اکبر خان، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اسد اسماعیل، ایم ایس ڈاکٹر جواد الٰہی، ڈی ایچ او ڈاکٹر کاشف حسین اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔
ہسپتال کی کارکردگی اور سہولیات کا جائزہ
خواجہ عمران نذیر نے اسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا، مریضوں کی عیادت کی اور طبی سہولیات کا براہ راست جائزہ لیا۔ انتظامیہ کی جانب سے انہیں ادارے کے تمام تر چیلنجز اور کارکردگی پر مفصل بریفنگ دی گئی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا:
“گورنمنٹ اسفند یار بخاری ڈسٹرکٹ ہسپتال نہ صرف اٹک بلکہ خیبر پختونخواہ سے ملحقہ علاقوں کے مریضوں کے لیے بھی طبی سہارا ہے، اس لیے یہاں کی سہولیات کو مزید بہتر بنانا ہماری ترجیح ہے۔”
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف کی کمی کو جلد پورا کیا جائے گا جبکہ سی سی یو (کارڈیک کیئر یونٹ) کو بھی جدید خطوط پر فعال بنایا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے "کلینک آن ویلز” پروگرام کی کامیابی
صوبائی وزیر نے پنجاب حکومت کے انقلابی پروگرام "کلینک آن ویلز” کا خصوصی طور پر ذکر کرتے ہوئے کہا کہ:
“اس پروگرام کے تحت صوبے کے دور افتادہ اور دیہی علاقوں میں صحت کی بنیادی سہولیات ان کے دروازے پر مہیا کی جا رہی ہیں، جو مریم نواز شریف کے صحت دوست وژن کی عملی مثال ہے۔”
انہوں نے بتایا کہ پنجاب بھر میں مراکزِ صحت کی اپ گریڈیشن جاری ہے اور ہر مرکز کو ادویات، لیب ٹیسٹ، اور ایمبولینس کی سہولت کے ساتھ جدید بنایا جا رہا ہے۔
تھیلیسیمیا سینٹر اور جنرل ہسپتال کا دورہ
بعدازاں خواجہ عمران نذیر نے تھیلیسیمیا سینٹر اٹک کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے مریض بچوں کے ساتھ وقت گزارا اور سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے ڈپٹی کمشنر راؤ عاطف رضا کی اس منصوبے کے لیے کوششوں کو سراہا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
صوبائی وزیر نے نئے تعمیر شدہ جنرل ہسپتال اٹک کا بھی دورہ کیا، جو کہ 75 کنال پر محیط ہے اور پانچ ارب روپے کی لاگت سے تیار کیا گیا ہے۔ ہسپتال میں 200 بستروں پر مشتمل جدید طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں اور توقع ہے کہ یہ جلد مکمل طور پر فعال ہو جائے گا۔
اٹک میں صحت کی سہولیات میں انقلابی بہتری کی نوید
وزیر صحت کے حالیہ دورے کو عوامی اور انتظامی سطح پر انتہائی مثبت قرار دیا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں نہ صرف اٹک بلکہ قریبی اضلاع کے لاکھوں افراد کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی ممکن ہو گی۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ:
"ہماری اولین ترجیح مریض کا فوری علاج، بہتر سہولیات اور اسپتالوں میں شفافیت ہے۔ ان اصلاحات کا مقصد عوام کا اعتماد بحال کرنا ہے اور پنجاب کو طبی لحاظ سے ایک ماڈل صوبہ بنانا ہے۔”