مشرق وسطیٰ

قوم عمران خان کی کال پر 24نومبر کو پر امن طور پر باہر نکلے گی’ مسرت چیمہ

فارم سینتالیس مارکہ حکومت جتنا ظلم کر سکتی ہے کر لے لیکن ہمیں ملک و قوم کیلئے کی جانے والی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹا سکتی

لاہور:پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ جعلی حکومت کا ظلم ،جبر اور قید و بند کی صعوبتیں ہمیں حقیقی آزادی اورجمہوریت کیلئے جاری جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹا سکتیں، جعلی حکمران جیل میں نا حق قید رکھنے کا کوئی جواز پیش کر سکتے ہیں؟،ہم پہلے سے زیادہ پر عزم ہیں اور جیل کی سلاخوں نے ہمارے حوصلوں کو مزید تقویت بخشی ہے ۔
اپنی رہائشگاہ پر ضمانت کے بعد جیل سے رہائی ملنے پر مبارکباد دینے آنے والوں سے گفتگو کرتے ہوئے مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ پوری قوم عمران خان کی کال پر 24نومبر کو پر امن طور پر باہر نکلے گی ،اگر آج غفلت اور سستی دکھائی گئی تو ہماری آنے والی نسلیں بھی غلامی کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہوں گی ۔ انہوں نے کہا کہ فارم سینتالیس مارکہ حکومت جتنا ظلم کر سکتی ہے کر لے لیکن ہمیں ملک و قوم کیلئے کی جانے والی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹا سکتی ، دبائو میں لانے کیلئے جتنے اوچھے ہتھکنڈے آزمانے تھے وہ آزما ئے جا چکے ہیں لیکن ہم آج بھی ڈٹ کر کھڑے ہیں ۔
انہوںنے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے ملک اور عوام کے لئے لازوال قربانی دے کر تاریخ میں اپنا نام سنہری حروف میں لکھوا لیا ہے ، کیا ہمارے سیاسی مخالفین اس طرح کی قربانی کی کوئی مثال پیش کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کے چہروں سے نقاب اتر چکا ہے ،حالیہ مہینوں میں جنگی بنیادوں پر جو قانون سازی کی گئی ہے اس کا ملک کے مفاد سے کوئی تعلق نہیں اور عوام اس سے اچھی طرح آگاہ ہیں۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button