پاکستان: کوٹ رادھاکشن تحصیل کو ماڈل تحصیل بنانے میں کامیاب ہو ں گے، ڈاکٹر انس سعید
ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر انس سعید اسسٹنٹ کمشنر تحصیل کوٹ رادھا کشن نے وائس آف جرمنی اردو نیوزسے خصوصی گفتگو میں کیا
قصور(نمائندہ وائس آف جرمنی) وزیر اعلی پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق صاف ستھرا پنجاب پر عمل کرتے ہوئے تحصیل کوٹرادھاکشن کو گندگی سے پاک اور ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رہے گا اور اس کے ساتھ ساتھ گراں فروشی کی روک تھام کے لیے روزانہ کی بنیاد پر چیک اینڈ بیلنس برقرار رکھا ہوا ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کا سیاسی غیر سیاسی دباؤ قابل برداشت نہیں ہوگا. ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر انس سعید اسسٹنٹ کمشنر تحصیل کوٹ رادھا کشن نے وائس آف جرمنی اردو نیوزسے خصوصی گفتگو میں کیا ۔اسسٹنٹ کمشنر نے مزید کہا کہ اس سلسلہ میں انجمن تاجران سماجی تنظیموں اور صحافی برادری نے بھرپور تعاون کیا اور امید ظاہر کی کے آئندہ بھی وہ اپنا مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ تحصیل کوٹ رادھا کشن میں بے پناہ مسائل موجود ہیں لیکن موجودہ وسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے ہم ان مسائل پر قابو پانے میں کامیاب ہو جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ٹی ایچ کیو ہسپتال کوٹ رادھا کشن میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی کمی کو عنقریب دور کیا جائے گا اور تمام دور دراز سے آنے والے مریضوں کو بلا تفریق ادویات فری مہیا کی جا رہی ہیں ۔ڈاکٹر انس سعید نے مزید بتایا کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر پیٹرول پمپس کے پیمانوں کا معائنہ کرتے ہیں اور متعدد پٹرول پمپس کو کم پیمانے کی وجہ سے بھاری جرمانے بھی کیے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کی طرف سے ملاوٹ شدہ دودھ کی شکایات موصول ہونے پر مختلف ملک شاپس سے دودھ کے نمونہ جات حاصل کر کے لیبارٹری ٹیسٹ کروائے گئے اور مختلف دودھ فروخت کرنے والے دکان داروں کہ ملاوٹ شدہ ہزاروں لیٹر دودھ کو تلف کیا گیا علاوہ ازیں ان کو بھاری جرمانے بھی کیے ۔انہوں نے مزید بتایا کے سیورج کے ناقص نظام کو ترجیحی بنیادوں پر ٹھیک کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ گراں فروشوں اور کھانے پینے کی اشیاء میں ملاوٹ کرنے والوں کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی ۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کے دفتر کا عملہ یا ٹاؤن کمیٹی کے ملازمین اگر کسی دکاندار کو ناجائز تنگ کر کے رشوت لینے کی کوشش کرتے ہیں تو دکاندار حضرات ان کو کسی قسم کی کوئی رشوت نہ دیں بلکہ جو بھی ایسی حرکت میں ملوث ہے تو وہ سیدھا میرے دفتر تشریف لا سکتا ہے تاکہ ان کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جا سکے ۔انہوں نے ٹی ایچ کیو ہسپتال کہ بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ اب ہسپتال میں ڈیجیٹل ایکس رے مشین آ چکی ہے اور اب مریضوں کو باہر سے ڈیجیٹل ایکسرے کروانے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی ۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کے دروازے ہر خاص و عام کے لیے کھلے ہیں اور شہری اپنی شکایات لے کر بغیر کسی رکاوٹ کے ان کے دفتر میں آ کر اپنی شکایات کا ازالہ کروا سکتے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلہ میں تاجر تنظیموں اور بالخصوص صحافی برادری کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیے ۔تاکہ اس تحصیل کی محرومیاں ختم کرنے میں آسانی پیدا ہو ۔آخر میں انہوں نے کہا کہ وہ اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر اس تحصیل کو ماڈل تحصیل بنانے میں کامیاب ہو ں گے۔