پاکستان: ڈی سی شیخوپورہ اور چیف افسر ضلع کونسل وزیراعلیٰ پنجاب کی ”ستھرا پنجاب“ مہم میں رکاوٹ بن گئے
6سال سے سیوریج کی وجہ سے بند علاقے کی مرکزی سڑک سے شکایات کے باوجود گندگی صاف کرنے سے انکار ،محتسب پنجاب کی جانب سے دو بار جاری ہونے والے حکم کو بھی ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ اور چیف افسر نے ہوا میں اڑا دیا
(سید عاطف ندیم.پاکستان) ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ اور چیف افسر ضلع کونسل شیخوپورہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی طرف سے جاری کی جانے والی ”ستھراپنجاب“ مہم میں رکاوٹ بن گئے ہیں اور 6سال سے سیوریج کی وجہ سے بند محمود کالونی تحصیل فیروزوالا کی مرکزی سڑک رضویہ روڈ کو کھولنے،صفائی کرکے قابل استعمال بنانے اور دوبارہ سیوریج پائپ لائن بچھانے سے متعلق شکایت پر کوئی کاروائی نہیں کی بلکہ اس ضمن میں محتسب پنجاب کے دوسرے حکم کو بھی ہوا میں اڑا دیا اور محتسب پنجاب کی جانب سے دی گئی مقررہ مدت کے بعد بھی کچھ نہیں کیا۔تین ماہ پہلے ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ نے کمشنر لاہور کی ہدایت پرسڑک کادورہ کرکے جلد صفائی کا وعدہ کیا تھا لیکن باربار یاددہانی کے باوجود ابھی تک اس ضمن میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔اہل علاقہ نے اس ضمن میں وزیراعلیٰ پنجاب شکایت سیل کے علاوہ محتسب پنجاب سے ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ، چیف افسر ضلع کونسل اور متعلقہ سٹاف کے خلاف محتسب پنجاب کی حکم عدولی پر کاروائی کیلئے درخواست دے دی۔
تفصیلات کے مطابق امامیہ کالونی سے متصل محمود کالونی تحصیل فیروز والا کا مرکزی رضویہ روڈ گذشتہ 6سال سے سیوریج پائپ لائن بند ہونے کی وجہ سے گندے نالے کامنظر پیش کر رہا ہے جبکہ سیوریج کی صفائی کیلئے درجنوں مرتبہ وزیر بلدیات، ڈپٹی کمشنرشیخوپورہ اور چیف افسر ضلع کونسل شیخوپورہ کو دی جانے والی درخواستوں پر بھی کوئی کاروائی نہیں کی گئی۔مذکورہ علاقہ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین اورپارلیمانی سیکریٹری پیراشرف رسول کا حلقہ انتخاب بھی ہے اوردونوں راہنما کئی کئی بار اس حلقے سے منتخب ہو چکے ہیں لیکن کسی نے درخواستوں کے باوجود آج تک اس طرف توجہ نہیں دی۔ضلع کونسل شیخوپورہ اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ شیخوپورہ کے افسران سیوریج کی صفائی کے نام پر متعدد بار لاکھوں روپے کے فنڈز بھی ہڑپ کر چکے ہیں۔مقامی افراد نے 2022میں محتسب پنجاب کو مسئلے کے حل کیلئے درخواست دی۔ایکسئین ضلع کونسل شیخوپورہ عبداللہ اور سب انجینئر رانا ارسلان کی تحریری یقین دہانی پر محتسب پنجاب نے سیوریج کی فوری صفائی اورنئی سیوریج لائن اورسڑک کی تعمیرکا حکم دیا لیکن ضلع کونسل شیخوپورہ کے افسران نے محتسب پنجاب کے احکامات کوردی کی ٹوکری میں ڈال دیا اورکاروائی سے انکار کر دیا۔اہل علاقہ نے2024میں محتسب پنجاب سے دوبارہ رجوع کیا اورمحتسب پنجاب سے حکم عدولی پر ضلع کونسل کے افسران کے خلاف کاروائی کی درخواست کی۔ ایکسئین ضلع کونسل شیخوپورہ راناشاہد نے محتسب پنجاب سے حکم عدولی پر غیر مشروط معافی مانگتے ہوئے ہر صورت احکامات پر عمل کرنے کی تحریری ضمانت دی جس کے بعد محتسب پنجاب نے ایک موقع اور دیتے ہوئے15اکتوبر2024کو ڈپٹی کمشنر وایڈمنسٹریٹر ضلع کونسل شیخوپورہ،چیف افسر شیخوپورہ اورایکسئین ضلع کونسل شیخوپورہ کو 45دنوں کے اندر اندر نئی سیوریج پائپ لائن بچھانے،رضویہ روڈ کی از سر نو تعمیرومرمت کے ساتھ ساتھ سیوریج اورگندگی کو صاف کرکے سڑک کو قابل استعمال بنانے اور ہر ہفتے صفائی کرنے کے احکامات جاری کئے۔ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ اور چیف افسر ضلع کونسل نے محتسب پنجاب کے احکامات کوپھر ہوا میں اڑا دیا اورمحتسب پنجاب کی مقرر کردہ مدت کے بعد بھی ڈپٹی کمشنر اور چیف افسرنے نہ تو سڑک کی صفائی کرکے اسے قابل استعمال بنایا اور نہ ہی سیوریج پائپ لائن تبدیل کی۔اہل علاقہ نے محتسب پنجاب کی حکم عدولی پرڈپٹی کمشنر شیخوپورہ اورچیف افسر ضلع کونسل و دیگر سٹاف کے خلاف کاروائی کیلئے محتسب پنجاب کے علاوہ وزیراعلیٰ پنجاب شکایت سیل کو بھی درخواست دے دی ہے کہ رضویہ روڈ پر گندگی اور سیوریج کا مسئلہ حل کیا جائے اور وزیراعلیٰ پنجاب کی ”ستھراپنجاب“اورزیرو ویسٹ مہم کی کامیابی میں رکاوٹ بننے والے افسران کے خلاف کاروائی کی جائے۔