”مریم کی مسیحائی…… پنجاب سے کے پی کے تک“
کرم کیلئے ادویات کی دوسری کھیپ بھی روانہ،وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کا ادویات اور ضروری سامان کے مزید5 ٹرک بھیجنے کیلئے فوری اقدامات کا حکم ،سیاست نہیں خدمت کا وقت ہے کرم کے عوام مشکل میں ہیں دعا ہے کہ حالات جلد نارمل ہوں اور زندگی اپنی معمولات کی طرف لوٹ آئے: مریم نوازشریف
(سید عاطف ندیم.پاکستان)”مریم کی مسیحائی…… پنجاب سے کے پی کے تک“، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاراچنارمیں مشکلات کے شکار عوام کے لئے ادویات کی فراہمی کا وعدہ چند گھنٹوں میں پورا کر دیا۔ ادویات اور ضروری سامان سمیت41ضروری آئٹمز کی دوسری کھیپ روانہ کر دی گئی جبکہ مزید5ٹرک کی فراہمی کے لئے ضروری اقدامات کا حکم دے دیا۔ پاراچنار کی بزرگ مریضہ جمیلہ مراد کوسریس حالت میں فوری آپریشن کے لئے پنجاب ایئرایمبولینس سروس کے ذریعے اسلام آباد منتقل کیا گیا۔ضلع کرم سے تعلق رکھنے والی60 سالہ مریضہ کے بیٹے ذیشان حید ر نے وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کا شکریہ ادا کیا اور ایئر ایمبولینس سروس کو سراہا۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں پارا چنار کے عوام کے لئے امدادی سامان فوری طورپر بھجوانے کی ہدایت کی تھی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کا کہنا ہے کہ سیاست نہیں خدمت کا وقت ہے کرم کے عوام مشکل میں ہیں دعا ہے کہ حالات جلد نارمل ہوں اور زندگی اپنی معمولات کی طرف لوٹ آئے۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ پارا چنار کے عوام ہمارے اپنے ہیں، مصیبت اور مشکل میں تنہا نہیں چھوڑ سکتے، عوام کی ضرورت کے مطابق موبائل ہیلتھ یونٹ بھی بھیجا جائے گا۔ ضرورت پڑی تو مزید مریضوں کو پاراچنار سے ایئر ایمبولینس سروس کے ذریعے راولپنڈی منتقل کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ قائد محمد نوازشریف نے مجھے خصوصی طور پر پاراچنار کے لوگوں کی مدد کی ہدایت کی۔پارا چنار کے بہن بھائیوں کی ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔ایئر ایمبولینس سروس شروع کرنے کا مقصد ہی بروقت اور جلد امداد کی فراہمی تھا۔ مصیبت زدہ لوگوں کی مدد ہمارا نصب العین ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے پاراچنار کے عوام کے رابطہ کرنے پر19دسمبر کو کابینہ اجلاس میں ادویات اور دیگر ضروری سامان بھجوانے کی ہدایت کی۔ صوبائی وزراء صحت خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیراورسیکرٹری محکمہ ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر نے ادویات کی پاراچنار منتقلی کے عمل کی نگرانی کی اور چند گھنٹوں میں آپریشن ممکن بنایا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کی ہدایت پر مزید ادویات پاراچنار بھجوائی جارہی ہے۔ ضروری ادویات میں انسولین، کتے کے کاٹنے کی ویکسیئن، جان بچانے والی دیگر ادویات اور ضروری سامان سمیت24آئٹم شامل ہے۔ ضروری ادویات کے 12بڑے کاٹن پاراچنار پہنچ چکے ہیں جبکہ مزید ادویات کی ترسیل کے انتظامات مکمل ہوچکے ہیں۔کرم پہنچنے پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کرم غلام مرتضیٰ نے ادویات وصول کیں اور وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کے اقدام کو سراہا۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کرم غلام مرتضیٰ نے بتایا کہ پچھلے دو ماہ سے کرم کے حالات خراب ہونے کی وجہ سے ادویات کی شدید کمی تھی اور مریضوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق تھے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سیریس حالت میں مریضوں کو کرم سے علاج کے لئے منتقل بھی کیا جائے گا۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کرم غلام مرتضیٰ نے مزید ادویات کی فراہمی درخواست بھی کی جس پر وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے مزیدادویات بھجوانے کی ہدایت کر دی۔