پاکستان:صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ کی آسٹرین سفیر اینڈریو وک سے ملاقات
محکمہ کے پلیٹ فارم سے تاریخ میں پہلی مرتبہ ورلڈ بینک کے تعاون سے پانچ سالہ اسٹریٹجک پلان بنانے جا رہے ہیں ، جس میں معاشرے کے سبھی طبقات کو تحفظ فراہم کیا جائے گا
لاہور: صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور پنجاب رمیش سنگھ اروڑہ نے اپنے کیمپ آفس میں آسٹریا کے سفیر اینڈریو وک سے ایک اہم ملاقات کی۔
سربراہی میں ایک آسٹرین وفد سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران صوبائی وزیر نے پنجاب حکومت کی جانب سے مذہبی اقلیتی کمیونٹیز کے تحفظ اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے اٹھائے گئے مختلف اقدامات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔انہوں نے پنجاب حکومت کی طرف سے مذہبی ہم آہنگی اور شمولیت کو فروغ دینے کے لیے کیے گئے اقدامات کو اجاگر کیا۔ملاقات میں پاکستان اور آسٹریا کے درمیان قریبی روابط کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، خاص طور پر اقلیتی برادریوں کی فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ اقدامات اور ثقافتی تبادلوں کے فروغ پر زور دیا گیا۔
رمیش سنگھ نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے حالیہ اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ بھر میں مذہبی اقلیتوں کے تہواروں کو مکمل جوش و خروش سے منایا گیا۔ کرسمس کے موقع پر مریم نواز پہلی وزیراعلی پنجاب بنی جو آصف ٹاؤن کی پرئیر چرچ میں ہونے والی تاریخی کرسمس کی تقریب میں شامل ہوئیں۔ انہوں نے کرسمس گرانٹس کی تقسیم کیں
اور جنوری 2025 میں مینارٹیز کارڈز کا اجراء کرنے جا رہی ہیں اور 50,000 خاندانوں میں تقسیم کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔
اس کے علاوہ صوبائی وزیر نے پنجاب حکومت کے مختلف بین المذاہب تہواروں میں شرکت کی تفصیلات شیئر کی، جن میں وزیراعلیٰ کا مریم آباد کا دورہ، بیساکھی اور دیوالی کے تہواروں کا حکومت کی سطح پر انعقاد اور ہونہار اسکالرشپ پروگرام شامل ہے، جس میں اقلیتی نوجوانوں کو اسکالرشپس دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے لیپ ٹاپ اسکیم کا بھی ذکر کیا، جو اقلیتی کمیونٹی کے مستحق طلباء کے تعلیمی مواقع کو بڑھانے کے لیے شروع کی گئی ہے۔ اسکے علاوہ انہوں نے وفد کو بتایا کہ محکمہ کے پلیٹ فارم سے تاریخ میں پہلی مرتبہ ورلڈ بینک کے تعاون سے پانچ سالہ اسٹریٹجک پلان بنانے جا رہے ہیں ، جس میں معاشرے کے سبھی طبقات کو تحفظ فراہم کیا جائے گا۔
آسٹریا کے سفیر اینڈریو وک اور دیگر وفد اراکین نے پنجاب حکومت کی طرف سے بین المذہب مکالمے کو فروغ دینے اور مذہبی اقلیتی حقوق کے تحفظ کے لیے کی جانے والی کوششوں کی بھرپور ستائش کی۔ انہوں نے صوبائی حکومت کی طرف سے متعارف کرائی گئی شمولیتی پالیسیوں اور اقدامات کی تعریف کی اور کہا کہ یہ اقدامات ایک زیادہ روادار اور مساوات پر مبنی معاشرتی ڈھانچے کی تشکیل میں مددگار ثابت ہوں گے۔ ملاقات کے اختتام پر صوبائی وزیر نے آ سٹرین سفیر کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔