پاکستان میں بھگت سنگھ کی آزادی کیلئے جدوجہد نمایاں کرنے کیلئے گیلری میں تاریخی تصاویر، خطوط اور اخبارات کے تراشوں کو نمائش کیلئے رکھا گیا ہے
انگریز دور حکومت میں بھگت سنگھ کیخلاف بغاوت کے مقدمے کی سماعت پونچھ ہاؤ س میں کی گئی تھی, سیاحوں کو پونچھ ہاؤس تک رسائی فراہم کی جائیگی
(سید عاطف ندیم.پاکستان)چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے پیر کے روز پونچھ ہاؤس میں بھگت سنگھ گیلری کا افتتاح کر دیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر تحریک آزادی کے ہیرو بھگت سنگھ کی یاد میں پونچھ ہاؤس میں گیلری قائم کی گئی ہے۔
گیلری میں تاریخی تصاویر، خطوط اور اخبارات کے تراشوں کے ذریعے بھگت سنگھ کی آزادی کیلئے جدوجہد کو نمایاں کیا گیا گیا ہے۔انگریز دور حکومت میں بھگت سنگھ کیخلاف بغاوت کے مقدمے کی سماعت پونچھ ہاؤ س میں کی گئی تھی۔ صنعت و تجارت اور سیاحت کے محکموں کے مابین ایک معاہدہ کے تحت سیاحوں کو پونچھ ہاؤس تک رسائی فراہم کی جائیگی۔
چیف سیکرٹری نے 1849میں تعمیر ہونے والی پونچھ ہاؤس کی تاریخی عمارت کی تعمیر و بحالی کے کام کا معائنہ بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ تاریخی عمارات و مقامات قومی اثاثہ ہیں اور انکا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخی عمارات کی اصل شکل میں بحالی سے سیاحت کو فروغ ملے گا۔
سیکرٹری صنعت و تجارت احسان بھٹہ کی سربراہی میں تاریخی اہمیت کے حامل پونچھ ہاؤس کو اسکی اصل شکل میں بحال کیا گیا ہے۔ مواصلات و تعمیرات، سیاحت کے محکموں کے سیکرٹریز، ڈی جی آرکیالوجی اور متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔