
امریکہ اور یورپی یونین نے بلوچستان میں ٹرین پر حملے اور مسافروں کو یرغمال بنانے کے واقعے کی مذمت کی ہے۔
بدھ کو پاکستان میں امریکی سفارت خانے کی جانب سے ایکس پر کی گئی پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ ہم جعفر ایکسپریس ٹرین پر حملے اور مسافروں کو یرغمال بنانے کے عمل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔بیان کے مطابق اس کی ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے قبل کی ہے جس کو امریکہ نے عالمی دہشت گرد قرار دیا ہے۔
’ہم متاثرہ خاندانوں سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’پاکستان کے عوام خوف اور تشدد سے آزاد زندگی گزارنے کا حق رکھتے ہیں، امریکہ پاکستان کا مضبوط شراکت دار ہے اور ہم اس مشکل وقت میں اس کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘
’یرغمالیوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے‘
پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر رینا کویونکا نے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہم بلوچستان میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہیں اور متاثرین کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔‘





