
ریورنڈ ڈاکٹر مجید ایبل کیجانب سے نولکھا پریسبیٹیرین چرچ آف پاکستان میں سالانہ انٹرفیتھ افطار
یو ایس قونصلیٹ جنرل کرسٹن ہاکنز ، پارلیمانی سیکرٹری برائے انسانی حقوق سونیا عاشر اور مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام اور مختلف مسالک کے رہنماؤں کی بھی شرکت
(سید عاطف ندیم-پاکستان):رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں نولکھا پریسبیٹیرین چرچ میں بین المذاہب ہم آہنگی کی ایک شاندار مثال قائم کی گئی، جہاں مسلمانوں کے علمائے کرام اور مختلف مسالک کے رہنماؤں کی افطاری کا اہتمام کیا گیا۔ اس منفرد انٹر فیتھ افطار کی میزبانی ریورنڈ ڈاکٹر مجید ایبل نے کی جبکہ چئیرمن کل مسالک بورڈ مولانا عاصم مخدوم اور چئیرمن فیسز آف پاکستان جاوید ولیم بھی منتظمین میں شامل تھے۔ انٹرفیتھ افطار میں ایس قونصلیٹ جنرل کرسٹن ہاکنز، پارلیمانی سیکرٹری برائے انسانی حقوق سونیا عاشر، سیکرٹری ایم پی ڈی ڈی ڈاکٹر شعیب اکبر اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
ریورنڈ ڈاکٹر مجید ایبل نے تقریب کی میزبانی کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد مختلف مذاہب کے درمیان بھائی چارے اور محبت کو فروغ دینا ہے اور یقینی طور پر ایسے پروگرامز بین المذاہب ہم آہنگی کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
یو ایس قونصلیٹ جنرل کرسٹن ہاکنز نے اس موقع پر کہا کہ میرے لیے یہ منفرد تجربہ ہے کہ اس طرح کی منفرد انٹرفیتھ کی تقریب میں شریک ہوئ اور یہ دیکھ کو خوشی محسوس ہوئی کہ نولکھا پریسبیٹیرین چرچ میں انٹر فیتھ افطار کا اہتمام ایک شاندار روایت بن چکی ہے جو مذہبی ہم آہنگی اور اتحاد کا بہترین نمونہ پیش کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی اور امن وقت کی اہم ضرورت ہے جبکہ ایسے پروگرامز اس مقصد کو حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
پارلیمانی سیکرٹری برائے انسانی حقوق سونیا عاشر نے اپنی تقریر میں کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور یہاں مذہبی اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کیا جا رہا ہے۔ ہم سب کو مل کر اس امن اور محبت کے پیغام کو پھیلانا ہوگا تاکہ دنیا میں مذہبی ہم آہنگی قائم ہو سکے۔
چیئرمین کل مسالک علماء بورڈ مولانا محمد عاصم مخدوم نے اس موقع پر کہا کہ چرچ ہو یا مسجد، ہر جگہ محبت و امن کا پیغام دیا جا رہا ہے۔ ہمیں آپس میں اتحاد و بھائی چارہ قائم کرنا ہوگا تاکہ دنیا میں امن قائم ہو سکے۔
دیگر مقررین میں ڈاکٹر جیمز ہیٹی، فادر جیمز چنن، سربراہ فیسز پاکستان جاوید ولیم، مفتی عاشق حسین، خطیب داتا صاحب رمضان سیالوی، اور نواب آغا علی قزلباش شامل تھے، جنہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انٹرفیتھ کے فروغ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے ڈاکٹر مجید ایبل کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ سب ملکر انٹرفیتھ ہارمنی کے فروغ میں اپنا اپنا کردار ادا کریں گے ۔تقریب کے اختتام پر پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔