مشرق وسطیٰ

شام میں نئی عبوری حکومت اقتدار میں آ گئی

23 وزراء پر مشتمل نئی عبوری حکومت کا اعلان کیا اور پھر نئی کابینہ کے ارکان نے اپنے عہدوں کا حلف بھی اٹھا لیا

شام میں بشار الاسد کے دور اقتدار کے خاتمے کے تقریباﹰ چار ماہ بعد نئی عبوری حکومت اقتدار میں آ گئی ہے۔ عبوری صدر احمد الشرع کی طرف سے نامزدگی کے بعد تیئیس ارکان پر مشتمل نئی ملکی کابینہ نے ہفتے کی رات حلف اٹھا لیا۔
مشرق وسطیٰ کی ریاست شام میں عشروں تک اقتدار میں رہنے والے اسد خاندان کو اس وقت اپنے سیاسی زوال کا سامنا کرنا پڑا تھا، جب شامی اپوزیشن کی مسلح تحریکوں کے اتحاد نے تقریباﹰ چار ماہ قبل دمشق پر قبضہ کر لیا تھا اور اس سے چند ہی گھنٹے قبل صدر بشار الاسد اپنے اہل خانہ کے ہمراہ ملک سے فرار ہو گئے تھے۔ وہ تب سے روس میں پناہ گزین ہیں۔
اس وقت شام کے عبوری صدر ہیئت تحریر الشام کے سربراہ احمد الشرع ہیں، جنہوں نے کل ہفتہ 29 مارچ کی شام 23 وزراء پر مشتمل نئی عبوری حکومت کا اعلان کیا اور پھر نئی کابینہ کے ارکان نے اپنے عہدوں کا حلف بھی اٹھا لیا۔
دمشق میں نئے حکمران سالہا سال کی خانہ جنگی سے تباہ حال اس ملک میں دوبارہ استحکام لانے کی کوشش کرتے ہوئے اس کی تعمیر نو کی کاوشیں بھی کر رہے ہیں۔ اس پس منظر میں دمشق میں اب جو نئی عبوری حکومت قائم کی گئی ہے، وہ مذہبی اور نسلی دونوں بنیادوں پر ایک ایسی حکومت ہے، جس کے ذریعے سیاسی حوالے سے ایک توازن قائم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
تیئیس رکنی نئی شامی کابینہ میں جو وزراء پہلی مرتبہ شامل کیے گئے ہیں، ان میں ہند قبوات نامی ایک خاتون سیاست دان بھی شامل ہیں۔ ہند قبوات ایک سرگرم مسیحی رہنما ہیں، جو اس وقت سے اسد حکومت کے خلاف سرگرم رہی تھیں، جب مارچ 2011ء میں عوامی مظاہروں کے خلاف حکومتی کریک ڈاؤن کے ساتھ شامی خانہ جنگی کا آغاز ہوا تھا۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button