بین الاقوامی

میانمار زلزلہ: ہلاکتوں کی تعداد 3,300 سے بڑھ گئی

اقوام متحدہ کے اندازوں کے مطابق 7.7 کی شدت والے اس زلزلے نے میانمار میں 30 لاکھ سے زائد افراد کو متاثر کیا ہے

میانمار میں گزشتہ ہفتے آنے والے طاقتور زلزلے کے سبب ہلاکتوں کی تعداد 3,300 سے تجاوز کر گئی ہے۔ یہ بات میانمار کے سرکاری میڈیا کی طرف سے آج ہفتہ پانچ اپریل کو بتائی گئی ہے۔

پناہ گاہیں ابھی تک دستیاب نہیں

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق زلزلے کے ایک ہفتہ بعد بھی میانمار میں بہت سے لوگ پناہ گاہوں کے بغیر کھلے آسمان تلے زندگی گزار رہے ہیں، کیونکہ ان کے گھر بار اس زلزلے میں تباہ ہو گئے تھے۔

منڈالے میں ایک خاندان سڑک پر کھلے آسمان تلے موجود۔
زلزلے کے ایک ہفتہ بعد بھی میانمار میں بہت سے لوگ پناہ گاہوں کے بغیر کھلے آسمان تلے زندگی گزار رہے ہیں۔تصویر: Sai Aung Main/AFP

اقوام متحدہ کے اندازوں کے مطابق 7.7 کی شدت والے اس زلزلے نے میانمار میں 30 لاکھ سے زائد افراد کو متاثر کیا ہے۔ یہ پہلے ہی کئی برسوں سے جاری خانہ جنگی کے سبب شدید مشکلات کا شکار تھا۔

بین الاقوامی امداد اور مزید امداد کی اپیل

اقوام متحدہ کے امدادی سرگرمیوں کے سربراہ نے آج ہفتے کے دن منڈالے میں زلزلہ متاثرین سے ملاقات کی ہے۔ منڈالے زلزلے کے مرکز کے قریب ہی واقع ہے اور یہ شہر اس طاقتور زلزلے سے شدید متاثر ہوا ہے۔

ٹام فلیچر نے ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں لکھا، ”تباہی ناقابل یقین ہے، دنیا کو میانمار کے لوگوں کے لیے آگے بڑھنا چاہیے۔‘‘

اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی کے سربراہ ٹام فلیچر
ٹام فلیچر نے ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں لکھا، ”تباہی ناقابل یقین ہے، دنیا کو میانمار کے لوگوں کے لیے آگے بڑھنا چاہیے۔‘‘تصویر: Denis Balibouse/REUTERS

چین، روس اور بھارت ان اولین ممالک میں شامل ہیں جنہوں نے زلزلے کے بعد میانمار کی امداد میں پہل کی۔ ان میں زلزلے کے سبب تباہ ہونے والی عمارتوں کے ملبے تلے دبے افراد کو تلاش کرنے اور بچانے کے لیے امدادی ٹیمیں بھی بھیجی گئیں۔

واشنگٹن کی طرف سے جمعے کے دن بتایا گیا کہ وہ میانمار کے لیے دو بلین کی امدادی رقم میں مزید سات ملین ڈالر کا اضافہ کر رہا ہے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button