اہم خبریںپاکستان پریس ریلیز

"جب تک آخری متاثرہ شخص بحال نہیں ہوتا، سکون سے نہیں بیٹھوں گا” – گورنر پنجاب

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کا سیلاب سے متاثرہ جہلم کا دورہ: متاثرین کے ساتھ عملی اظہارِ یکجہتی، شہید کانسٹیبل کے اہل خانہ سے ملاقات، امداد اور بحالی کے عزم کا اظہار

جہلم (نمائندہ خصوصی) – گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے جہلم کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور تباہی سے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر (ڈی سی او) اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) بھی ان کے ہمراہ تھے، جنہوں نے گورنر پنجاب کو سیلاب کی صورتحال، نقصانات اور جاری امدادی سرگرمیوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران گورنر پنجاب نے کہا کہ وہ دفتر میں بیٹھ کر نہیں بلکہ فیلڈ میں عملی طور پر سیلابی علاقوں میں جا کر متاثرین کے دکھوں کا مداوا کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیلابی تباہی نے عوام کی زندگیوں کو بری طرح متاثر کیا ہے، اور وہ اپنی تمام تر سرکاری اور نجی مصروفیات ترک کرکے متاثرین کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

انہوں نے واضح الفاظ میں کہا،

"سیلاب سے متاثر آخری شخص کی زندگی معمول پر لانے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ یہ میرا وعدہ ہے نہ صرف بطور گورنر، بلکہ بطور ایک انسان، ایک کارکن، اور ایک بھائی۔”

شہید کانسٹیبل کے اہل خانہ سے ملاقات، مالی امداد کا اعلان

گورنر پنجاب نے سیلاب کے دوران جان بچاتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے پولیس کانسٹیبل حیدر علی حسین کے اہل خانہ سے ملاقات کی، فاتحہ خوانی کی اور ان کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے شہید کے اہل خانہ کو اپنی طرف سے 10 لاکھ روپے مالی امداد دینے کا اعلان کیا، جبکہ ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کو عوامی خدمات پر 2 لاکھ روپے کی نقد انعام کا اعلان بھی کیا۔

گورنر نے شہید کانسٹیبل کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ:

"ایسے بیٹے قوم کا فخر ہوتے ہیں جنہوں نے دوسروں کی زندگیاں بچانے کے لیے اپنی جان کی قربانی دی۔”

سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر خدمت کا جذبہ

گورنر پنجاب نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت، بشمول صدر مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے وہ متاثرین کے درمیان موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کا منشور ہمیشہ سے عوام کی خدمت، پسے ہوئے طبقے کا تحفظ، اور کسان و کاشتکار کی بحالی پر مبنی رہا ہے۔

سیلاب زدہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دینے کی سفارش

گورنر سلیم حیدر نے پنجاب حکومت کو سفارش کی کہ جہلم، چکوال اور دیگر شدید متاثرہ علاقوں کو فوری طور پر آفت زدہ قرار دیا جائے تاکہ متاثرین کو بروقت ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے بھر کے شہروں، قصبوں اور دیہاتوں کا دورہ کر کے خود نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں اور ہر مقام پر عملی اقدامات کو یقینی بنا رہے ہیں۔

پیپلز پارٹی کارکنان کو خدمت کا حکم، میڈیا سے شراکت داری کی اپیل

انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان، رضاکاروں اور بلدیاتی نمائندگان کو ہدایت کی کہ وہ متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کریں۔ گورنر پنجاب نے میڈیا کو بھی سراہا اور کہا کہ:

"میڈیا اور حکومت دو پہیے ہیں، اور اس آزمائش کی گھڑی میں ہمیں مل کر، ہم آہنگی سے آگے بڑھنا ہوگا۔”

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کا یہ دورہ نہ صرف متاثرہ خاندانوں کے لیے امید کی کرن ہے بلکہ عملی قیادت کا مظہر بھی ہے۔ ان کے بروقت اقدامات، عوام سے براہ راست رابطے، اور بلاامتیاز خدمت کا عزم حکومت پنجاب اور پیپلزپارٹی کی عوام دوست پالیسیوں کی عکاسی کرتا ہے۔ متاثرین اور مقامی افراد نے ان کی موجودگی کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ وہ وعدے کے مطابق مکمل بحالی تک ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button