
سوات میں زمرد کی کان میں پھنسے مزدوروں کو پاک فوج نے بحفاظت نکال لیا — کامیاب ریسکیو آپریشن
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پاک فوج کے خصوصی دستے نے دشوار گزار پہاڑی علاقے میں امدادی کارروائیاں شروع کیں
نیوز ڈیسک سوات :پاک فوج نے ایک بار پھر انسانیت کی خدمت کی شاندار مثال قائم کرتے ہوئے سوات کے علاقے بابوزئی میں زمرد کی کان میں پھنسے چار مزدوروں کو کامیاب ریسکیو آپریشن کے بعد بحفاظت نکال لیا۔ یہ واقعہ گزشتہ رات اس وقت پیش آیا جب زمرد کی کان اچانک بیٹھ گئی، جس کے باعث مزدور اندر پھنس کر رہ گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پاک فوج کے خصوصی دستے نے دشوار گزار پہاڑی علاقے میں امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ کئی گھنٹوں پر محیط پیچیدہ اور خطرناک آپریشن کے بعد چاروں مزدوروں کو زندہ اور محفوظ حالت میں کان سے نکال لیا گیا۔
مقامی لوگوں اور مزدوروں کے اہلِ خانہ نے پاک فوج کے اس بروقت اور ہمدردانہ اقدام پر دلی تشکر کا اظہار کیا۔ ریسکیو آپریشن کے دوران مقامی انتظامیہ اور دیگر امدادی اداروں نے بھی بھرپور تعاون کیا۔
یہ آپریشن اس بات کا مظہر ہے کہ پاک فوج نہ صرف ملک کی سرحدوں کی محافظ ہے بلکہ ہر مشکل گھڑی میں عوام کی خدمت کے لیے ہر دم تیار ہے۔



