کالمزناظم الدین

حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری ..۔۔ناظم الدین

محکمہ اوقاف کے سالا نہ ترقیاتی پروگرام کے تحت داتا دربار میں 6.3ارب روپے کی لاگت سے توسیع منصوبہ جات عمل

برصغیر میں قافلہ تصوف اور شریعت و طریقت کے امام الاولیاء الشیخ السید علی بن عثمان الہجویریؒ المعروف حضرت داتا گنج بخش ؒ کا آستانہ سب سے بڑا روحانی مرکز ہے۔ آپؒ کا982واں سالانہ عرس مبارک 19,18اور 20صفرالمظفر 1447ہجری بمطابق 13تا15اگست2025بروز بدھ، جمعرات اور جمعہ آپؒ کے آستانہ عالیہ پر منعقد ہو رہا ہے۔ عرس کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز 18صفر المظفر بمطابق 11اگست2025بوقت 11:00بجے دن رسم چادر پوشی سے ہو گا۔ اس کے بعد حسب روایت سبیل دودھ کا افتتاح کیا جائے گا۔
حضرت داتا گنج بخشؒ کا سالانہ عرس نہ صرف پاکستان بلکہ جنوبی ایشیاء کی روحانی اور خانقاہی دنیا کی سب سے بڑی تقریب ہوتی ہے۔ عرس کے تمام انتظامات اور رسومات ہمیشہ ہی بہترین طریقے سے ادا کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ اس مرتبہ بھی ان کوششوں کو مزید مؤثر اور بہتر بنانے کیلئے تمام محکمانہ اور حکومتی وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ان تقریبات کو خوب سے خوب تر انداز میں انجام دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
عرس کے موقع پر دینی، روحانی محافل اور علمی نشتوں کے انعقاد کیلئے مذہبی سکالرز، قراء اور نعت خواں حضرات کو مدعو کیا گیا ہے۔ اس سال عرس کی تقریبات کا ”نظام الاوقات“ پر مشتمل کتابچہ اور ”پوسٹر“ خوبصورت طباعت سے آراستہ کرکے کثیر تعداد میں ملک کے طول و عرض میں ارسال کر دیا گیا ہے۔ ملک بھر کے اہم اخبارات میں عرس کی تقریبات سے متعلق اشتہار شائع کروا کر عوام الناس کو ملک بھر میں اطلاع کر دی گئی ہے۔ حضرت داتا گنج بخشؒ کے علمی اور روحانی فیوض و برکات کی ترویج و تبلیغ کیلئے کتب کی اشاعت کا خصوصی اہتمام بھی کیا گیا ہے۔
سہ روزہ عالمی کانفرنس اور دیگر استقبالیہ تقریبات کا آغاز۔۔مدارس دینیہ اور جامعات کے درمیان مقابلہ حسن قرآت بین المدارس و جامعات اور مشاعرہ منقبت مورخہ11اگست 2025ء بروز سوموار کوجامع مسجدداتاؒ دربار میں منعقد ہو گا۔جس میں شعراء کرام (حضرت محمد ﷺ کی بارگاہ میں نذرانہ عقیدت اور) حضرت داتا گنج بخش ؒ کے حضور عقیدت کا نذرانہ پیش کریں گے۔ حضر ت داتا گنج بخشؒ کے 982ویں سالانہ عرس مبارک کے موقع پر سہ روزہ عالمی کانفرنس بعنوان ”ہزار سالہ متصوفانہ ورثہ:کشف المحجوب اور عالمی تصوف کا باہمی ربط“ بمطابقمورخہ 08تا10اگست2025ء(جمعہ،ہفتہ،اتوار)تک اہتمام کیا گیا۔ جس میں وطن کی معروف دانشگاہوں اور علمی حلقوں کی معتبر شخصیات تشریف فرما ہوئیں۔ اس وقیع کانفرنس کے انعقاد کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ آج جبکہ امت مسلمہ ہر طر ف مصائب و مشکلات اور تذبذب و تشکیک کا شکار ہے تو ان حالات میں حضرت داتا گنج بخشؒ کے حیات بخش فرمودات اور ان انقلاب آفرین تعلیمات سے روشنی حاصل کی جائے، جو زندگی کو عمل، حرکت اور جہد مسلسل سے مزین اور ایک روشن اور بلند نصب العین سے منور کرنے کا پیغام دے رہی ہیں۔کانفرنس کا افتتاح مورخہ 08اگست2025ء(جمعتہ المبارک) 11:00بجے دن داتا دربار میں ہو ا۔مزید یہ کہ مورخہ12اگست2025ء (منگل)بوقت11:00بجے دن کو مقابلہ حسن و تقریر بین المدارس و جامعات کا اہتمام جامع مسجد داتا ؒدربار میں ہو گا۔جبکہ مورخہ13اگست 2025(جمعرات)982ویں سالانہ عرس مبارک کی افتتاحی تقریب منعقد ہو گی۔
علمی و روحانی محافل:زائرین کی روحانی، باطنی اور قلبی تسکین کیلئے عرس مبارک کے موقع پر محفل حسن قرات، محفل نعت،محفل مذاکرہ اور علمی و تربیتی نشست (درس قرآن،درس حدیث،درس تصوف اور درس کشف المحجوب)بھی روزانہ ہو گی۔ 19اور 20 صفر المظفر کو جامع مسجد دربار حضرت داتا گنج بخشؒ میں علمی و روحانی اجتماعات کے انعقاد کے علاوہ دو روزہ محافل سماع کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔ ان تقریبات میں شرکت کیلئے ملک بھر سے معروف علماء کرام، مشائخ عظام، قراء حضرات، نعت خواں اور قوال شرکت کر رہے ہیں۔اس سال محکمہ اوقاف و مذہنی امور پنجاب کی جانب سے زائرین کیلئے لنگر اور عرس کی دیگر تقریبات اور انتظامات کیلئے کثیر فنڈمختص کئے گئے ہیں۔
سکیورٹی انتظامات:موجودہ حالات کے پیش نظر زائرین کے تحفظ کیلئے محکمہ اوقاف و مذہبی امور نے سالانہ عرس کے موقع پر سکیورٹی کے خاص انتظامات کیے ہیں اس ضمن میں 144عدد سکیورٹی و کلوز سرکٹ کیمرے نگرانی کیلئے نصب ہیں۔ علاوہ ازیں ایک الگ سے کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے جس میں 18عدد LCD’Sنصب ہیں تاکہ دربار شریف میں ہونے والی سرگرمیوں پر مکمل طور پر نظر رکھی جا سکے۔ دوران عرس مبارک محکمہ پولیس نے 4000پولیس اہلکاران تعینات کیے ہیں۔ جس میں 3ایس پیز، 7ڈی ایس پیز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ تقریباََ 3ایلیٹ فورس کی گاڑیاں بھی گشت پر ہو نگی۔ دربار شریف کے اندر داخل ہونے والے راستوں پر 11واک تھر وگیٹس اور 11میٹل ڈیٹکٹرز زائرین کی حفاظت کیلئے مہیا کئے گئے ہیں۔ محکمہ پولیس کی لیڈ ی کانسٹیبل دربار شریف کے خواتین کے احاطہ میں مامور کی گئی ہیں۔ داتاؒ دربار میں موجود رضا کار تنظیموں کے رضا کار بھی محکمہ کی معاونت کرینگے۔ محکمہ اوقاف نے 45سکیورٹی گارڈز بھی سیکورٹی انتظامات کویقینی بنانے کیلئے تعینات کیے ہیں جن کی نگرانی 3سپروائزر کریں گے سکیورٹی کمپنی سے قبل ازیں 72 سکیورٹی گارڈز کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں جبکہ عرس شریف کے موقع پر مزید72سکیورٹی گارڈز کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ داخلی راستوں پر پولیس نے بھی الگ سے واک تھرو گیٹس کا انتظام کیا ہے۔ ملک کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر بم ڈسپوزل سکواڈ بھی ہمہ وقت موجود رہے گا۔ علاوہ ازیں ریسکیو 1122کا عملہ بمعہ 5ایمبولینس و موٹر سائیکلز ریسکیو ہمہ وقت موجود رہیں گے اور قرب و جوار کے ہسپتالوں میں خصوصی انتظامات کیے ہیں۔زائرین کے بلارکاوٹ دربار شریف تک پہنچنے کیلئے بذریعہ ٹریفک پولیس خصوصی ٹریفک پلان مرتب کیا گیا ہے۔
دیگر اہم اقدامات:محکمہ اوقاف و مذہبی امور نے عرس کے ایام میں زائرین کیلئے لنگرکا وسیع انتظام کیا ہے۔ اس کے علاوہ بے شمار مخیر حضرات کی طرف سے بھی وسیع لنگر کی تقسیم کا اہتمام عمل میں آئے گا۔ اس موقع پر زائرین کے لئے وضو اور پینے کے پانی کی فراہمی وغیرہ کے تسلی بخش انتظامات کیے گئے ہیں۔ محکمہ کی طرف سے عرس مبارک پر آنے والے زائرین کی سہولت کیلئے داتا دربار کمپلیکس کی حدود اور مسجد کے تہہ خانہ میں میڈیکل کیمپ قائم کیے جائیں گے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت میں فوری طبی امداد دی جا سکے۔اس کے علاوہ ایمبولینسز بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت موجود رہیں گی۔ محکمہ کے اپنے نصب شدہ 2عدد جنریٹر سسٹم کے علاوہ بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے 2عدد اضافی جنریٹر کا بھی انتظام کیا گیاہے جبکہ واپڈا کی طرف سے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ مزید یہ کہ محکمہ سوئی گیس کو
گیس کا پریشر مکمل فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ عرس مبارک کے موقع پر صفائی کے خصوصی اقدامات کیلئے 216ورکرز رات دن تین شفٹوں میں کام کرینگے جو عرس مبارک کے موقع پر داتا دربار کمپلیکس کے احاطے میں ہر جگہ پر صفائی کو یقینی بنائیں گے۔ ان ورکرز کی نگرانی کیلئے 15سپروائزر بھی تعینات کیے گئے ہیں۔زائرین کی دربار شریف تک باآسانی رسائی کیلئے ریٹی گن روڈ کوو ہیکل فری اور ہر قسم کی تجاویزات سے پاک کیا جائے گا۔
پارکنگ:سکیورٹی کے انتظامات کے پیش نظر دوران عرس زائرین کی سہولت کیلئے سنٹرل ماڈل ہائی سکولII-، ریٹی گن روڈ، مسلم سکول نمبرIIاور داتادربار ہسپتال لاہور میں وسیع پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے۔
دیگر محکمہ جات کے کیمپ آفسز وہیلپ کاؤنٹر کا قیام:دوران عرس مبارک جملہ انتظامات اور عوامی سہولت کیلئے دیگر محکمہ جات کے کیمپ آفسز بھی قائم کئے جائیں گے جن میں سرفہرست لیسکو، واسا، سول ڈیفنس، ابتدائی طبی امداد اور سوئی گیس کے محکمہ جات شامل ہیں۔ محکمہ کی جانب سے زائرین کی سہولت کیلئے دربار شریف میں مختلف مقامات پر ہیلپ کاؤنٹرز بھی قائم کئے گئے ہیں۔ جن کی باقاعدہ تشہیر کی گئی ہے۔ ان ہیلپ کاؤنٹرز پر زائرین کی مدد اور رہنمائی کیلئے چاک و چوبند عملہ موجود رہے گا۔ پرنٹ اورالیکٹرانک میڈیا عرس کی تقریبات کی تشہیر کے علاوہ ان تقریبات کو براہ راست ٹیلی ویژن چینلز پر دکھائے جانے کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔
پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا حضرت داتا گنج بخشؒ کی تعلیمات اور عرس کے موقع پر ان تمام تقریبات کے مراحل کو عوام الناس تک پہنچائی جائیں گی۔ عرس انتظامات کوموثر اور مربوط بنانے کیلئے مختلف اداروں کے درمیان رابطہ کیلئے واٹس ایپ گروپ اور کورگروپ تشکیل دے دئیے گئے ہیں اورسات آفسران کو بطور فوکل پرسن نامزد کیا گیا ہے۔ عرس کے تنیوں ایام میں داتاؒ دربار میں مختلف اداروں کے فرنٹ ڈیسک قائم کیے جائیں گے۔ جو دوران عرس چوبیس گھنٹے فعال رہیں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق صوبہ بھر کے تمام درباروں و مساجد کی تزئین و آرائش کا کام تیزی سے جاری ہے۔ اس سلسلہ میں محکمہ اوقاف کے سالا نہ ترقیاتی پروگرام کے تحت داتا دربار میں 6.3ارب روپے اورایک ہزار ملین روپے کی لاگت سے توسیع منصوبہ جات عمل میں لائے گئے ہیں جس میں 650 ملین رو پے کی لاگت سے کنوپیز احاطہ دربار میں لگائی جارہی ہیں۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button