
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) — جمعہ کے روز وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے امریکہ کے قائم مقام کوآرڈینیٹر برائے انسداد دہشت گردی گریگوری لوگرفو سے ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون کے مثبت اور دیرپا نتائج سامنے آئیں گے۔ اس اہم ملاقات میں انسداد دہشت گردی پر جامع مکالمے اور مشترکہ حکمتِ عملی کی تشکیل پر زور دیا گیا، تاکہ عالمی اور علاقائی سطح پر امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
یہ ملاقات اسلام آباد میں ہوئی، جہاں امریکی وفد کی قیادت گریگوری لوگرفو کر رہے تھے۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، امریکہ کی قائم مقام سفیر نٹالی بیکر، اور وفاقی سیکریٹری داخلہ بھی موجود تھے۔
گریگوری لوگرفو نے پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی اور پاکستانی عوام کو مبارکباد پیش کی اور پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کو ایک اسٹریٹیجک لحاظ سے نہایت اہم ملک قرار دیا، اور حالیہ دہشت گرد حملوں میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
ملاقات میں دونوں فریقین نے انسداد دہشت گردی، بارڈر سیکیورٹی، اور منشیات کے کنٹرول جیسے اہم شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان معلومات کے تبادلے کو مزید مؤثر بنانے پر بھی خصوصی توجہ دی گئی، تاکہ دہشت گردوں اور منشیات فروشوں کے خلاف بروقت اور مؤثر کارروائی کی جا سکے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اقتدار سنبھالنے کے بعد پاکستان اور امریکہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات میں نمایاں بہتری آئی ہے، اور امریکہ کی قیادت کی جانب سے عالمی امن کے لیے کی جانے والی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا: "شفافیت، باہمی اعتماد، اور تعاون، پاک-امریکہ تعلقات کی نمایاں خصوصیات ہیں، جن کی بنیاد پر ہم آگے بڑھ سکتے ہیں۔”
وفاقی وزیر داخلہ نے امریکہ کی جانب سے کالعدم تنظیم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور اس سے منسلک مجید بریگیڈ کو عالمی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کرنے کا خیر مقدم کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے نہ صرف پاکستان کی سیکیورٹی خدشات کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے بلکہ دہشت گردوں کے خلاف عالمی اتفاق رائے بھی واضح ہوا ہے۔
اسی سلسلے کی ایک اور اہم پیش رفت میں 12 اگست کو امریکی کوآرڈینیٹر برائے انسداد دہشت گردی گریگوری لوگرفو نے پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے بھی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں لوگرفو نے انسداد دہشت گردی سے متعلق پاکستان-امریکہ مکالمے کے دوران ہونے والی پیش رفت سے وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے دونوں ممالک کے درمیان اس مسلسل اور منظم دو طرفہ مکالمے کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اسے خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے نہایت اہم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر اُس کوشش کی حمایت کرتا ہے جو بین الاقوامی دہشت گردی کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے کی جانب لے جائے۔