بین الاقوامی

زیلنسکی پر اس بار "سوٹ کی نحوست” کا سایہ نہ پڑا … وڈیو میں ٹرمپ خوش نظر آئے

"بہت شان دار ہے... مجھے یہ پسند ہے" .... اور یہ جملہ زیلنسکی کے سیاہ سوٹ کی طرف اشارہ تھا۔

یوکرین کے صدر ولودی میر زیلنسکی نے پیر کے روز وائٹ ہاؤس کا اہم دورہ کیا۔ اس موقع پر انھوں نے فروری میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ہونے والی ملاقات کے برعکس سوٹ پہن رکھا تھا مگر ٹائی کے بغیر !

زیلنسکی اس مرتبہ امریکی صدر سے اپنے روایتی فوجی سبز لباس میں نہیں ملے، خاص طور پر اس کے بعد جب چند ماہ قبل ان کا لباس وائٹ ہاؤس میں ایک بڑی بحث کا باعث بنا تھا۔

اسی لیے ٹرمپ نے پیر کو زیلنسکی کے پہنچنے پر استقبال کے دوران ان کے انداز کی تعریف کرتے ہوئے کہا "بہت شان دار ہے… مجھے یہ پسند ہے” …. اور یہ جملہ زیلنسکی کے سیاہ سوٹ کی طرف اشارہ تھا۔

ٹرمپ وائٹ ہاؤس میں زیلنسکی کا استقبال کرتے ہوئے (اے ایف پی)
ٹرمپ وائٹ ہاؤس میں زیلنسکی کا استقبال کرتے ہوئے (اے ایف پی)

جب یوکرینی صدر گاڑی سے نکلے تو ان کے جسم پر سیاہ رنگ کی جیکٹ، کالر والی قمیص (بغیر ٹائی)، پینٹ اور ان کے پسندیدہ سیاہ جوتے تھے۔

یہ لباس یوکرین کے فیشن ہاؤس "ویکٹور انیسیموف” نے تیار کیا تھا، جس کے ملبوسات زیلنسکی نے اس سال زیادہ تر مواقع پر پہنے ہیں۔ یہ بات اس برانڈ کے نمائندے نے بتائی۔

تاہم سوٹ پر بات وائٹ ہاؤس کے اندر بھی جاری رہی، جہاں صحافی برائن گلن نے کہا "آپ نے سوٹ پہنا ہے”۔ اس پر زیلنسکی نے ہنستے ہوئے جواب دیا "لیکن آپ نے بھی وہی سوٹ پہنا ہے جو پچھلی بار پہنا تھا۔”

مذکورہ صحافی پچھلی ملاقات میں بھی زیلنسکی کے لیے مشکل صورت حال پیدا کر چکے تھے۔

چند ماہ قبل جب ٹرمپ کے ساتھ زیلنسکی کی ملاقات کیمرے کے سامنے کسی حد تک تلخی میں بدل گئی تھی تو گلن نے طنزیہ انداز میں سوال کیا تھا "آپ سوٹ کیوں نہیں پہنتے؟… آپ اس ملک کے سب سے بڑے عہدے دار سے مل رہے ہیں اور پھر بھی سوٹ پہننے سے انکار کرتے ہیں۔”

اس وقت نائب صدر جے ڈی وینس ہنس پڑے تھے، مگر کچھ دیر بعد انھوں نے زیلنسکی پر کڑی تنقید بھی کی۔

روس کے 2022 کے یوکرین پر حملے کے بعد سے زیلنسکی زیادہ تر فوجی لباس پہنتے رہے ہیں، تاکہ جنگ کے دور میں رسمی تقاضوں سے دوری، سادگی اور اپنی قوم کے مشکل حالات کو اجاگر کر سکیں۔

تاہم فروری میں ٹرمپ سے ہونے والی ملاقات میں یہ انداز ہرگز ان کے حق میں نہیں گیا تھا۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button