پاکستان پریس ریلیزتازہ ترین

مریم نواز کی حکومت میں تمام ادارے آزاد اور خودمختار ہیں، قانون سب کے لیے برابر ہے: عظمیٰ بخاری

وزیر اطلاعات پنجاب کا بیان — 9 مئی کے واقعات پر حکومت پر تنقید کرنے والوں کو کرارا جواب

لاہور،نمائندہ خسوصی: وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے ایک سخت بیان جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے جرائم کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے جوڑنے کی کوشش ایک منظم اور شرمناک پراپیگنڈے کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ افسوسناک رجحان بن چکا ہے کہ جو بھی قانون کے شکنجے میں آتا ہے، وہ سیاسی مظلومیت کا لبادہ اوڑھ لیتا ہے اور حکومت کو بلاجواز تنقید کا نشانہ بناتا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب میں مریم نواز کی قیادت میں قانون کی حکمرانی قائم ہے، اور اب وہ دور نہیں رہا جب حکومتیں فیصلہ کرتی تھیں کہ کس کو گرفتار کرنا ہے اور کس کو چھوڑ دینا ہے۔ انہوں نے عمران خان کی سابقہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ریاستی ادارے سیاسی مفادات کے تابع کر دیے گئے تھے، جبکہ مریم نواز کی زیر قیادت حکومت نے تمام اداروں کو مکمل طور پر آزاد اور خودمختار بنایا ہے۔
"قانون کی گرفت سے کوئی نہیں بچ سکتا”
عظمیٰ بخاری نے زور دیتے ہوئے کہا کہ جو افراد 9 مئی کے مقدمات میں نامزد اور قانون کو مطلوب ہیں، ان کا جیل جانا ناگزیر ہے۔ ان کے بقول، اشتہاریوں اور مفروروں کو گرفتار کرنا حکومت یا کسی فرد کی خواہش نہیں بلکہ قانون اور ریاست کی آئینی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا: "قانون کسی سے ذاتی دشمنی یا دوستی کی بنیاد پر کام نہیں کرتا، جو شخص بھی ریاستی اداروں پر حملے میں ملوث ہے، اسے قانون کے کٹہرے میں آنا ہوگا، چاہے وہ کوئی بھی ہو۔”
کورکمانڈر ہاؤس پر حملے کی مذمت
وزیر اطلاعات پنجاب نے 9 مئی کے دن کورکمانڈر ہاؤس پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس دن نہ صرف ریاستی املاک کو نقصان پہنچایا گیا بلکہ ریاستی وقار کو بھی پامال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ کورکمانڈر کے یونیفارم کی بے حرمتی کر رہے تھے، وہ اب مظلومیت کا لبادہ اوڑھ کر "چادر اور چار دیواری” کا راگ الاپ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا: "کورکمانڈر ہاؤس بھی کسی کا گھر ہے، وہاں بھی چادر اور چار دیواری کی پامالی ہوئی۔ کیا چادر اور چار دیواری کا تحفظ صرف تحریک انصاف کے کارکنوں کے لیے ہے؟ باقی پاکستانیوں کی عزت و حرمت کوئی معنی نہیں رکھتی؟”
"حکومت قانون، آئین اور انصاف کے دائرے میں چل رہی ہے”
عظمیٰ بخاری نے اس موقع پر واضح کیا کہ پنجاب حکومت ہر فیصلہ اور ہر اقدام آئین، قانون اور انصاف کے دائرہ کار میں رہ کر کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی حکومت نے ریاستی اداروں کو طاقتور اور خودمختار بنایا ہے، اور کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جو عناصر 9 مئی کے حملوں میں ملوث تھے، وہ نہ صرف قومی سلامتی کے لیے خطرہ تھے بلکہ انہوں نے ریاستی اداروں کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ اب جب کہ قانون حرکت میں آیا ہے تو یہ عناصر خود کو سیاسی شہید بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، جو کہ ایک خطرناک روش ہے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button