
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا رائیونڈ تبلیغی مرکز کا دورہ — عالمی تبلیغی اجتماع کے انتظامات پر تبادلہ خیال
تبلیغی اجتماع میں شرکت کے لیے دنیا بھر سے آنے والے وفود ہمارے معزز مہمان ہیں۔ ان کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی
لاہور (نمائندہ خصوصی): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاہور کے نواحی علاقے رائیونڈ میں قائم عالمی تبلیغی مرکز کا اہم دورہ کیا، جہاں انہوں نے تبلیغی جماعت کے اکابرین سے ملاقات کی اور نومبر 2025 میں منعقد ہونے والے عالمی تبلیغی اجتماع کے انتظامات کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔
اس ملاقات میں تبلیغی جماعت کے ممتاز رہنماؤں بشمول مولانا محمد احمد بٹلر، مولانا عبیداللہ خورشید، ڈاکٹر سیلم، انوار غنی، میاں احسن، ڈاکٹر ندیم اشرف، مولانا عامر احسان، مولانا امجد فاروق، شبیر احمد عثمانی، مفتی عرفان اور بریگیڈیئر (ر) مصدق نے شرکت کی۔ ملاقات کا محور عالمی تبلیغی اجتماع کی تیاریوں، شرکا کی سہولیات، اور ملکی و غیر ملکی وفود کے استقبال و رہائش سے متعلق انتظامات تھے۔
تبلیغی جماعت کی خدمات قابل تحسین ہیں: محسن نقوی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر تبلیغی جماعت کی دین اسلام کی ترویج و اشاعت کے لیے کی جانے والی خدمات کو سراہا اور کہا کہ تبلیغی جماعت ایک پرامن اور غیر سیاسی تحریک ہے جو دنیا بھر میں اسلام کے پیغامِ محبت و امن کو فروغ دے رہی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وفاقی حکومت اجتماع کے کامیاب انعقاد کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ، "تبلیغی اجتماع میں شرکت کے لیے دنیا بھر سے آنے والے وفود ہمارے معزز مہمان ہیں۔ ان کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔ ویزا کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا، تاکہ کسی بھی غیر ملکی مہمان کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔”
محسن نقوی نے مزید کہا کہ وہ ہر سال ذاتی طور پر تبلیغی اجتماع میں شرکت کرتے ہیں اور اس سال بھی شرکت کریں گے تاکہ دین کی محفل میں شامل ہو کر روحانی فیض حاصل کیا جا سکے۔
تبلیغی اجتماع کی تیاریوں پر بریفنگ
تبلیغی جماعت کے رہنماؤں نے وزیر داخلہ کو اجتماع کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ دنیا بھر سے لاکھوں افراد اس اجتماع میں شرکت کے لیے آتے ہیں، جن کے لیے رائے ونڈ مرکز میں وسیع انتظامات کیے جا رہے ہیں، جن میں قیام و طعام، صفائی، سیکیورٹی، اور طبی سہولیات شامل ہیں۔
مولانا محمد احمد بٹلر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا، "ہم سب کو اس فانی دنیا سے ایک دن رخصت ہونا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ ہم دین اسلام اور انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔ اللہ تعالیٰ کے بتائے ہوئے راستے پر چلنے میں ہی دنیا و آخرت کی بھلائی اور کامیابی ہے۔”
انہوں نے حکومتی تعاون پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ تبلیغی جماعت کسی بھی قسم کی سیاسی سرگرمیوں سے دور رہتے ہوئے صرف اللہ کے دین کی دعوت کے مشن پر گامزن ہے، اور یہ اجتماع بھی اسی تسلسل کا حصہ ہے۔
سیکیورٹی اور سفارتی تعاون کی یقین دہانی
وفاقی وزیر داخلہ نے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں کہ اجتماع کے دوران سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں اور وزارت خارجہ کے ساتھ رابطہ کر کے غیر ملکی وفود کے لیے ویزا سہولیات کو آسان بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ داخلہ پنجاب اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے اس عالمی اجتماع کو پرامن اور کامیاب بنانے کے لیے تبلیغی جماعت کے ساتھ قریبی رابطے میں رہیں۔
روحانی مرکز کی اہمیت
رائے ونڈ کا تبلیغی مرکز عالمی سطح پر ایک روحانی اور دینی مرکز کی حیثیت رکھتا ہے، جہاں ہر سال لاکھوں افراد دین کی دعوت سننے کے لیے جمع ہوتے ہیں۔ اس مرکز کی سرگرمیاں نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں امن و محبت کے پیغام کو عام کرنے میں مدد فراہم کرتی ہیں۔
محسن نقوی کے اس دورے کو دینی و حکومتی سطح پر ہم آہنگی کی ایک اہم کاوش قرار دیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف تبلیغی اجتماع کے انتظامات میں بہتری آئے گی بلکہ حکومت اور مذہبی طبقات کے درمیان تعلقات بھی مزید مستحکم ہوں گے۔