پاکستان پریس ریلیزاہم خبریں

جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور عسکری کامیابیوں نے پاکستان کو عالمی سطح پر مضبوط مقام دلایا: چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی

ایوانِ اقبال میں وارث میر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام سیمینار کا انعقاد، ’’بھارت پر پاکستان کی عسکری اور سفارتی فتوحات کے عالمی اثرات‘‘ پر اہم شخصیات کا اظہار خیال

لاہور (خصوصی رپورٹر)
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان نے حق و صداقت کے معرکے میں جرات، حکمت اور قومی یکجہتی کے ساتھ نہ صرف اپنی خودمختاری کا دفاع کیا بلکہ عالمی سطح پر اپنی عسکری، سفارتی اور جمہوری ساکھ کو بھی مستحکم کیا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت، انصاف اور قانون کی حکمرانی ہی پائیدار امن کی حقیقی ضمانت ہے۔ وہ اتوار کے روز ایوانِ اقبال لاہور میں وارث میر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار ’’بھارت پر پاکستان کی عسکری اور سفارتی فتوحات کے عالمی اثرات‘‘ سے صدارتی خطاب کر رہے تھے۔

سیمینار میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان، معروف سیاسی رہنما حسن مرتضی، ثمینہ گھرکی، علی قاسم گیلانی، آصف ہاشمی، میر شکیل چنی، نرگس خان، بشری ملک، آغا تقی شاہ، خالد بٹ سمیت سیاسی، سماجی، صحافتی و علمی شخصیات کی بڑی تعداد شریک تھی۔ نظامت کے فرائض فیصل میر نے انجام دیے، جبکہ معروف صحافی شاہنواز رانا نے وارث میر پر مقالہ پیش کیا۔


پاکستان کا عالمی وقار اور سفارتی کامیابیاں

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب ہونا اس بات کا مظہر ہے کہ عالمی برادری پاکستان پر اعتماد کا اظہار کر رہی ہے۔ انہوں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مثبت بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات ایک نئے مثبت دور میں داخل ہو رہے ہیں۔ یوسف رضا گیلانی نے رواں سال نومبر میں اسلام آباد میں ہونے والی انٹر پارلیمانی اسپیکرز کانفرنس کا بھی اعلان کیا جس میں 45 سے زائد ممالک کے پارلیمانی سربراہان شریک ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے پر بھارت کا جھوٹا بیانیہ عالمی برادری نے مسترد کر دیا اور پاکستان نے نہایت ذمہ داری اور تحمل سے خطے میں کشیدگی کو بڑھنے سے روکا۔ افواجِ پاکستان نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دنیا کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان اپنے دفاع سے غافل نہیں۔


عسکری محاذ پر بے مثال کامیابیاں: محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ وہ معرکہ حق کے عینی شاہد ہیں، جس میں سیاسی قیادت اور افواج پاکستان نے یکجہتی کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنگیں صرف اسلحے سے نہیں بلکہ عزم، جذبے اور یکجہتی سے جیتی جاتی ہیں، اور پاکستانی قوم نے یہ ثابت کر دیا۔ محسن نقوی نے فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی قیادت اور ان کی جنگی حکمت عملی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ چند ہی گھنٹوں میں بھارت کے غرور کو خاک میں ملا دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دشمن کے 36 مقامات کو نشانہ بنایا جبکہ بھارتی حملے میں داغے گئے 60 میزائلوں میں سے کوئی بھی پاکستانی ایئر بیس کو نقصان نہ پہنچا سکا۔ بھارتی آئل ڈپو کی تباہی سمیت کئی بڑی عسکری کامیابیاں پاکستان کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف جنگ میں اجیت ڈوال اور امیت شاہ کے کردار کو بے نقاب کر کے دنیا کو بتایا گیا کہ بھارت خطے کے امن کے لیے خطرہ بن چکا ہے۔


بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب، سفارتی محاذ پر شاندار کامیابیاں: ملک احمد خان

اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے بھارتی حملے کے بعد عسکری اور سفارتی دونوں محاذوں پر شاندار کامیابیاں حاصل کیں، جن کے عالمی اثرات بہت دور رس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وارث میر فاؤنڈیشن جیسے ادارے ترقی پسند مکالمے کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

ملک احمد خان نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے ایک لاکھ سے زائد جانوں کی قربانیاں دی ہیں، اور اس کے باوجود عالمی سطح پر الزام تراشی کا سامنا کیا۔ تاہم بھارت کی حالیہ جارحیت کے جواب میں افواجِ پاکستان نے محض چند گھنٹوں میں دشمن کو سبق سکھا دیا، جبکہ سفارتی سطح پر بھی پاکستان نے اپنی پوزیشن کو مضبوط بنایا۔

انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت کو سراہا اور کہا کہ ان کی عسکری حکمت عملی نے بھارت کے عزائم خاک میں ملا دیے، اور عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کو پذیرائی ملی۔ انہوں نے زور دیا کہ ان عسکری و سفارتی کامیابیوں کو اب معیشت اور تجارت کے فروغ میں بھی استعمال کیا جائے تاکہ ملک کو ترقی کی نئی راہوں پر گامزن کیا جا سکے۔


وارث میر کی یاد، نوجوان نسل کے لیے مشعل راہ

سیمینار میں وارث میر کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے انہیں انقلابی، جمہوری اور علم دوست شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ وارث میر جیسے افراد قوموں کے فکری اثاثے ہوتے ہیں۔ فیصل میر نے اپنے خطاب میں کہا کہ اگر کسی ملک کا سپریم کمانڈر اور وزیراعظم بے خوف ہوں، تو دنیا کی کوئی طاقت اسے شکست نہیں دے سکتی۔


قومی اتحاد، عسکری قوت اور سفارتی کامیابیاں پاکستان کی پہچان

ایوانِ اقبال میں ہونے والا یہ سیمینار نہ صرف وارث میر کی فکری خدمات کو خراجِ تحسین تھا بلکہ اس موقع پر پاکستان کی حالیہ عسکری و سفارتی کامیابیوں کو اجاگر کر کے یہ پیغام بھی دیا گیا کہ پاکستان ایک پرامن، خودمختار اور باوقار ریاست ہے، جو ہر محاذ پر قومی مفادات کا دفاع کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ جمہوریت، انصاف، قانون کی حکمرانی اور قومی یکجہتی ہی وہ بنیادیں ہیں جن پر پاکستان کا روشن مستقبل استوار ہے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button