
شہید انسپکٹر شہزاد نواز کی نماز جنازہ عقیدت و احترام سے ادا، آبائی گاؤں میں سپرد خاک، اعلیٰ حکام اور عوام کی بھرپور شرکت
شہید انسپکٹر شہزاد نواز نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر امن و امان کے قیام کے لیے جو عظیم قربانی دی ہے، اسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا
ڈاکٹر اصغر واہلہ-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز کے ساتھ:
پنجاب پولیس کے شہید انسپکٹر اور ایس ایچ او تھانہ فیکٹری ایریا شیخوپورہ، شہزاد نواز کی نماز جنازہ نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ پولیس لائنز شیخوپورہ میں ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں پولیس، سول سوسائٹی، وکلا، سیاسی و سماجی رہنماؤں اور زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر فضا سوگوار تھی اور ہر آنکھ اشکبار نظر آئی۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق نماز جنازہ میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، آر پی او شیخوپورہ اطہر اسماعیل، ڈی پی او بلال ظفر شیخ، ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ سمیت اہم سرکاری و سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، وکلا برادری، معززین شہر، تاجر رہنما اور عوام الناس کی کثیر تعداد موجود تھی، جو شہید کی قربانی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے جمع ہوئے۔
نماز جنازہ کے بعد پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید انسپکٹر شہزاد نواز کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی، جس کے بعد آئی جی پنجاب نے شہید کے جسد خاکی پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور ان کی روح کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے شہید کے اہل خانہ سے ملاقات بھی کی اور ان کی عظیم قربانی کو قوم کا فخر قرار دیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ:”شہید انسپکٹر شہزاد نواز نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر امن و امان کے قیام کے لیے جو عظیم قربانی دی ہے، اسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ پنجاب پولیس اپنے شہداء کو کبھی فراموش نہیں کرے گی اور ان کے اہل خانہ کی ہر ممکن کفالت اور معاونت جاری رکھے گی۔”
بعد ازاں شہید انسپکٹر شہزاد نواز کو ان کے آبائی گاؤں اوگند میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا، جہاں سینکڑوں افراد نے اشکبار آنکھوں کے ساتھ ان کے جنازے میں شرکت کی۔ گاؤں میں رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے اور ہر زبان پر شہید کی شجاعت اور فرض شناسی کے قصے تھے۔
شہید انسپکٹر شہزاد نواز نے اپنی سروس کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کئی کامیاب کارروائیاں کیں اور ہمیشہ اپنے فرائض کو ایمانداری، بہادری اور جذبۂ خدمت کے ساتھ نبھایا۔ ان کی شہادت پولیس فورس کے لیے ایک بڑا صدمہ اور نقصان ہے، تاہم ان کی قربانی قوم کے حوصلوں کو بلند رکھنے کا باعث ہے۔
شہید کے پسماندگان میں والد، بھائی، اہلیہ اور بچے شامل ہیں۔ پنجاب پولیس نے یقین دہانی کروائی ہے کہ شہید کے اہل خانہ کو تمام مراعات اور سہولیات فراہم کی جائیں گی، جبکہ ان کے بچوں کی تعلیم و تربیت کا مکمل انتظام بھی کیا جائے گا۔
شہید انسپکٹر شہزاد نواز کی قربانی ہمیں اس بات کا درس دیتی ہے کہ ملک و ملت کے تحفظ کے لیے جان کی قربانی دینا ایک عظیم اعزاز ہے، جس پر پوری قوم فخر کرتی ہے۔