بین الاقوامیاہم خبریں

ایرانی جنریشن زی کے مسائل: کریک ڈاؤن، پابندیاں اور تنازعات

''پہلے میرا آبائی شہر بہت خوبصورت ہوتا تھا، اب تو جیسے یہ بے جان ہو گیا ہے۔ میرے تمام دوست شہر چھوڑ کر جا رہے ہیں۔‘‘

(نیلوفر غلامی)

ایرانی معاشرے کو درپیش موجودہ حالات میں ڈی ڈبلیو نے جنریشن زی کے نمائندہ کئی ایرانی نوجوانوں سے بات کی، جن کا کہنا تھا کہ وہ اس وقت اقتصادی بدحالی، ریاستی جبر اور جنگ کے خطرے میں گھرے ہوئے ہیں۔

الناز*نامی ایک نوجوان ایرانی خاتون نے بتایا، ”پہلے میرا آبائی شہر بہت خوبصورت ہوتا تھا، اب تو جیسے یہ بے جان ہو گیا ہے۔ میرے تمام دوست شہر چھوڑ کر جا رہے ہیں۔‘‘ اس خاتون نے کہا، ”میری خواہش ہے کہ ہماری افراط زر اور قیمتوں میں اضافے سے متعلق پریشانی بدل کر اس طرح کی فکر بن جائے کہ ہمیں موسم گرما میں اپنی چھٹیاں اپنے ہی شہر میں گزارنا ہیں یا ایران کے کسی دوسرے شہر میں۔‘‘

الناز نے گزشتہ چند برس کام کرتے ہوئے اور اپنی مالیاتی خود مختاری کے حصول کی کوششوں میں گزارے۔ اس دوران انہوں نے دو مختلف ملازمتوں کے لیے پیشہ وارانہ تربیت بھی حاصل کی۔ لیکن انہوں نے کہا کہ حالیہ مہینوں میں ان کے ملک میں ملازمتوں کے مواقع کم ہوئے ہیں، جس کی بڑی وجوہات ایرانی جوہری پروگرم کی وجہ سے ایران میں اسرائیل اور امریکہ کی طرف سے کیے گئے حملے اور تہران کے خلاف بین الاقوامی پابندیوں کا دوبارہ عائد کیا جانا بھی ہیں۔

حکومتی بیانیے کے مظہر اورتہران میں لگے اس بل بورڈ کے برعکس ایرانی نوجوانوں کو حکومتی جبر اور مستقبل کے تاریک امکانات کا سامنا ہے
حکومتی بیانیے کے مظہر اورتہران میں لگے اس بل بورڈ کے برعکس ایرانی نوجوانوں کو حکومتی جبر اور مستقبل کے تاریک امکانات کا سامنا ہےتصویر: Morteza Nikoubazl/NurPhoto/IMAGO

ایرانی نوجوانوں کو روزگار کی تلاش میں مشکلات کا سامنا

سرکاری طور پر ایران میں دعویٰ کیا جاتا ہے کہ بے روزگاری کی شرح 7.6 فیصد ہے۔ لیکن اگر ایرانی لیبر مارکیٹ کی صورت حال دیکھی جائے، تو حالات کہیں زیادہ پریشان کن ہیں، خاص طور پر نوجوانوں اور خواتین کے لیے۔ تقریباﹰ ہر پانچ نوجوان ایرانیوں میں سے ایک بے روزگار ہے۔

دوسری طرف وہ کئی ملین ایرانی، جو برسرروزگار ہیں، انہیں بھی غربت کا شکار ہو جانے سے بچاؤ میں ان کی ملازمتیں کوئی تحفظ فراہم نہیں کرتیں۔ کئی اقتصادی اندازے یہ بھی ظاہر کرتے ہیں کہ ایران میں 80 فیصد گھرانوں کی آمدنی عالمی سطح پر طے کردہ غربت کی لکیر سے بھی نیچے ہوتی ہے۔

اسرائیلی حملوں کے بعد ایرانی معیشت مشکلات کا شکار

ایک اور ایرانی خاتون نرگس* نے بھی اپنے حالات زندگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کافی زیادہ ناامیدی کا اظہار کیا۔ خود کو ایرانی معاشرے میں جنریشن زی کی ایک عام نمائندہ قرار دینے والی اس نوجوان خاتون نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، ”اشیائے صرف کی قیمتیں ناقابل یقین حد تک زیادہ ہیں اور ہر روز بدلتی ہیں۔ ہمارا خاندان دو افراد کی ماہانہ آمدنی پر گزارہ کرتا ہے، لیکن پھر بھی بنیادی اشیائے صرف کی خریداری ایک کڑا امتحان ثابت ہوتی ہے۔‘‘

نرگس کا کہنا تھا، ”ملبوسات، جوتوں یا کسی اور چیز کی اضافی خریداری تو ناممکن ہو چکی ہے۔ بکرے اور مرغی کا گوشت، مچھلی، حتیٰ کہ چاول بھی، یہ سب کچھ ہی ہر مہینے تو نہیں خریدا جا سکتا۔ ہم یہ سب کچھ مختلف مہینوں میں باری باری خریدتے ہیں۔‘‘

تہران یونیورسٹی کی حدود میں ایک سڑک سے گزرتے ہوئے نوجوان طلبہ
تہران یونیورسٹی کی حدود میں ایک سڑک سے گزرتے ہوئے نوجوان طلبہتصویر: Morteza Nikoubazl/NurPhoto/picture alliance

جنگ اور بین الاقوامی پابندیاں

اس سال جون میں ایران کی پہلے ہی سے بہت زیادہ دباؤ کا شکار معیشت کو اس وقت بہت بڑا دھچکہ لگا، جب ایران اور اسرائیل کے مابین مسلح تنازعہ 12 روز تک جاری رہا۔ عام ایرانی شہریوں پر اس جنگ کا فوری منفی اثر پڑا۔ تنازعے کے شدید تر ہو جانے کا خوف بڑھا، تو اشیاء کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں۔

پھر اقوام متحدہ نے تہران کے متنازعہ جوہری پروگرام کے باعث ایران کے خلاف اپنی پابندیاں دوبارہ نافذ کر دیں۔ اس پیش رفت نے بھی ایرانی عوام، خاص طور پر نوجوانوں کو شدید متاثر کیا اور انہیں خدشہ ہے کہ ان پابندیوں کے اور زیادہ منفی اثرات ابھی مستقبل قریب میں دیکھنے میں آئیں گے۔

نرگس نے بتایا، ”کچھ لوگ بہت پرامید ہیں، کچھ انتہائی حد تک ناامید اور پریشان۔ کچھ کو توقع ہے کہ ایران کو شاید بیرون ملک سے کچھ مدد مل سکے۔ لیکن بہت سے ایرانی ایسے بھی ہیں، جو کسی بھی قسم کی بیرونی مداخلت کے خلاف ہیں۔ ایرانی معاشرے میں اس وقت بہت زیادہ داخلی تقسیم پائی جاتی ہے۔‘‘

ایرانی شہر تبریز کے گرینڈ بازار سے شاپنگ کر کے گزرتی دو خواتین اور پس منظر میں بیٹھے ہوئے چند نوجوان
ایرانی شہر تبریز کے گرینڈ بازار سے شاپنگ کر کے گزرتی دو خواتین اور پس منظر میں بیٹھے ہوئے چند نوجوانتصویر: Morteza Nikoubazl/NurPhoto/picture alliance

مستقبل غیر واضح

امین* نامی ایک ایرانی نوجوان نے بات کرتے ہوئے کہا، ”آپ جہاں بھی جس کسی سے بھی کچھ بھی سنیں، ہر کوئی ناامیدی کی بات کرتا ہے، خاص طور پر نوجوان طبقہ۔ مستقبل کا قطعی طور پر غیر واضح ہونا اور سماجی اور اقتصادی حوالے سے کسی بھی ترقی کا امکان نظر نہ آنا بھی لوگوں کو پریشان کرتا ہے۔ ان کی یہ پریشانی باقاعدہ نظر بھی آتی ہے۔ کبھی کبھی تو لوگ اتنے قنوطیت پسند ہو جاتے ہیں کہ وہ جنگ کی یا پھر مرنے تک کی باتیں کرنے لگتے ہیں۔‘‘

امین نے کہا، ”ایرانی حکومت کا یہ غالب بیانیہ کہ غیر ملکی خطرات اور دھمکیاں عوام کو متحد کر دیں گے، پہلے ہی اپنا قابل اعتبار ہونا کھو چکا ہے۔ مزید کسی بھی جنگ سے صورت حال محض بد سے بدتر ہی ہو گی۔‘‘

ایرانی جوہری تنصیب فردو مکمل تباہ ہو گئی؟

بہت سے ایرانی نوجوانوں کو خدشہ ہے کہ تہران کے کسی بھی بیرونی طاقت کے ساتھ کسی نئے مسلح تنازعے کا نتیجہ بھی عام ایرانی شہریوں کو ہی بھگتنا پڑے گا اور یوں ایرانی معاشرے میں کسی بھی سیاسی اور اقتصادی تبدیلی اور اصلاھات کا بچا کھچا امکان بھی کم تر ہو جائے گا۔

ایرانی خاتون نرگس کا کہنا تھا، ”میرے تمام ذاتی خواب تو بکھر چکے۔ اب میری صرف یہی خواہش ہے کہ میرے ملک میں آزادی ہو، خوشحالی اور اقتصادی بحالی، جو ایرانی باشندوں کو ان کے موجودہ شدید مسائل اور تفکرات سے نجات دلا سکیں۔‘‘

*اس آرٹیکل میں سبھی ایرانی نوجوانون کے نام ان کی سلامتی سے متعلق خدشات کے باعث تبدیل کر دیے گئے ہیں۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button