پاکستان پریس ریلیزاہم خبریں

اسلام آباد: امن و امان کے قیام کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت — آئی جی اسلام آباد کی زیر صدارت اہم کمانڈرز کانفرنس

شہر میں بڑھتی آبادی، تجارتی سرگرمیوں میں اضافے اور امن و امان کے چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کیلئے پولیس فورس کو جدید خطوط پر استوار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ناصر خان خٹک-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز کے ساتھ

اسلام آباد میں امن و امان کی مجموعی صورتحال بہتر بنانے، جرائم کے انسداد اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد، سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت اہم کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس میں پولیس کے تمام ڈی آئی جیز، اے آئی جیز، ایس ایس پیز، ایس پیز سمیت دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران وفاقی دارالحکومت کی سیکورٹی صورتحال، پولیس کی کارکردگی، موجودہ چیلنجز اور اصلاحات سے متعلق تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

آئی جی اسلام آباد نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے واضح ہدایات جاری کیں کہ وفاقی دارالحکومت میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں بڑھتی آبادی، تجارتی سرگرمیوں میں اضافے اور امن و امان کے چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کیلئے پولیس فورس کو جدید خطوط پر استوار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ڈیجیٹل سرویلنس سسٹم کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت

آئی جی اسلام آباد نے اس موقع پر سیف سٹی سسٹم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مشکوک عناصر، جرائم پیشہ گروہوں اور شہر میں داخل ہونے والے مشتبہ افراد کی کڑی نگرانی کیلئے ڈیجیٹل سرویلنس کو مزید فعال اور مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے حکم دیا کہ شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں کی مسلسل مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے جبکہ جدید سافٹ ویئرز، چہرہ شناسائی اور نمبر پلیٹ شناخت کے نظام کو زیادہ بہتر انداز میں استعمال کیا جائے۔

کیپیٹل ایلیٹ فورس کی جدید تربیت پر زور

آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ کیپیٹل ایلیٹ فورس ہنگامی صورتحال میں پہلا ردعمل دینے والی فورس ہے، لہٰذا اس یونٹ کی تربیت کو جدید تقاضوں کے مطابق اپ گریڈ کیا جائے۔ انہوں نے مخصوص تربیتی پروگرامز شروع کرنے کی ہدایت کی تاکہ ایلیٹ فورس نہ صرف فوری ردعمل دے سکے بلکہ کسی بھی دہشت گردی یا ناخوشگوار واقعہ کے دوران مؤثر کارروائی کرسکے۔

اسلام آباد: امن و امان کے قیام کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت — آئی جی اسلام آباد کی زیر صدارت اہم کمانڈرز کانفرنس
اسلام آباد: امن و امان کے قیام کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت — آئی جی اسلام آباد کی زیر صدارت اہم کمانڈرز کانفرنس

ٹریفک کو رواں رکھنے کیلئے فوری اقدامات

اجلاس میں ٹریفک مینجمنٹ کو بہتر بنانے پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ شہریوں کو ٹریفک میں غیر ضروری مشکلات سے بچانے کیلئے جدید ٹریفک مینجمنٹ سسٹم کو مؤثر بنایا جائے۔ کسی بھی قسم کی ایمرجنسی یا اہم ناکہ بندی کی صورت میں شہریوں کو بروقت متبادل راستوں سے آگاہ کیا جائے تاکہ شہر میں ٹریفک کا بہاؤ متاثر نہ ہو۔

شہر بھر میں سرچ آپریشنز تیز کرنے کے احکامات

آئی جی نے ہدایت کی کہ جرائم پیشہ اور مشکوک عناصر کی فعالیت سے نمٹنے کیلئے تمام تھانہ جات میں سرچ آپریشنز کا سلسلہ بلا تعطل جاری رہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی موجودہ نفری کا بہترین استعمال کیا جائے تاکہ کارروائیوں کے نتائج مزید بہتر ہوں۔

غیر قانونی غیر ملکیوں کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی

وفاقی دارالحکومت میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی موجودگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی اسلام آباد نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ یونٹس ایسے افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ قانون سب کیلئے برابر ہے اور امن و امان کے قیام کیلئے اس پر سختی سے عملدرآمد ضروری ہے۔

خصوصی ناکہ جات اور پٹرولنگ کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت

اجلاس میں پولیس کے ناکہ بندی نظام، پٹرولنگ، ڈالفن سکواڈ اور دیگر یونٹس کی فعالیت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ آئی جی نے کہا کہ شہر بھر میں ڈالفن سکواڈ، ایگل اسکواڈ اور دیگر گشت کرنے والے یونٹس کی موجودگی واضح طور پر محسوس ہونی چاہیے تاکہ شہریوں کا اعتماد بڑھے اور جرائم پیشہ عناصر میں خوف پیدا ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ ناکہ جات پر شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی، صبر اور تحمل کا مظاہرہ کیا جائے، جبکہ چیکنگ کے نظام کو مزید بہتر اور تیز بنایا جائے۔

افسران کو فیلڈ میں موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت

آئی جی اسلام آباد نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں موجود رہ کر سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کریں۔ انہوں نے کہا کہ ماتحت عملے کے ساتھ ہم آہنگی اور فوری رابطہ امن و امان برقرار رکھنے کیلئے ناگزیر ہے۔

شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح

آئی جی اسلام آباد نے آخر میں کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اسلام آباد پولیس جدید ٹیکنالوجی، بہتر حکمت عملی اور پیشہ ورانہ مہارت کے ذریعے وفاقی دارالحکومت کو محفوظ ترین شہروں کی صف میں شامل کرنے کیلئے کوشاں رہے گی۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button