اہم خبریںپاکستان پریس ریلیز

پنجاب یونیورسٹی،بنگلہ دیشی وفد کی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی شاہ سے ملاقات، دو طرفہ تعلیمی تعاون پر تبادلہ خیال

انہوں نے بتایا کہ پنجاب یونیورسٹی میں بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے متعدد طلبا زیر تعلیم ہیں جو یہاں کے تعلیمی ماحول اور ثقافتی ہم آہنگی سے بھرپور فائدہ اٹھا رہے ہیں

سید عاطف ندیم،پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز کے ساتھ: پنجاب یونیورسٹی میں بنگلہ دیش کے نامور صحافیوں کے وفد نے منگل کو وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی شاہ سے ملاقات کی،ملاقات میں دو طرفہ تعلیمی تعلقات،ثقافتی ہم آہنگی اور میڈیا اسٹڈیز کے شعبے میں باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر میڈیا اینڈ کمیونیکیشن اسٹڈیز کی سینئر فیکلٹی ممبر پروفیسر ڈاکٹر عائشہ اشفاق نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے بتایا کہ پنجاب یونیورسٹی بین الاقوامی طلبا، خصوصا بنگلہ دیش سے آنے والے طالبعلموں کے لیے ہمیشہ کھلا اور دوستانہ ماحول فراہم کرتی ہے۔ملاقات کے دوران وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شاہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش نہ صرف خطے کے اہم ممالک ہیں بلکہ دونوں کے درمیان ثقافتی، لسانی اور مذہبی رشتے ہمیں مزید قریب لاتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب یونیورسٹی میں بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے متعدد طلبا زیر تعلیم ہیں جو یہاں کے تعلیمی ماحول اور ثقافتی ہم آہنگی سے بھرپور فائدہ اٹھا رہے ہیں۔وائس چانسلر نے کہا کہ پاکستان ان کا دوسرا گھر ہے،یہاں انہیں عزت،احترام اور محبت ملتی ہے۔بنگلہ دیشی وفد نے پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ کی مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہیں لاہور آ کر بہت اچھا لگا۔وفد اراکین نے کہا کہ لاہور کے لوگ بے حد محبت کرنے والے ہیں جبکہ لاہوری کھانے اپنی مثال آپ ہیں اور دنیا بھر میں اپنی لذت اور روایت کی وجہ سے مشہور ہیں۔بعد ازاں وفد نے پنجاب یونیورسٹی کے تاریخی سکول آف کمیونیکیشن اسٹڈیز کا دورہ کیا،جہاں ڈیپارٹمنٹ آف پبلک ریلیشنز اینڈ ایڈورٹائزنگ کے زیر اہتمام منعقدہ پچ فیسٹ میں طلبا کی جانب سے لگائے گئے مختلف اسٹالز میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔طلبا نے اپنے پبلک ریلیشنز پراجیکٹس، تخلیقی مہمات اور اشتہاری آئیڈیاز وفد کو پیش کئے،جسے مہمانوں نے بے حد سراہا۔وفد نے ڈیپارٹمنٹ کی لائبریری،براڈکاسٹنگ ہاوس اور پی یو ایف ایم 104.6 کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں براڈکاسٹنگ، ریڈیو پراڈکشن اور جدید میڈیا ٹیکنالوجیز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔بنگلہ دیشی صحافیوں نے پنجاب یونیورسٹی کے انفراسٹرکچر،تحقیق کے ماحول اور طلبا کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے تعلیمی اداروں کے درمیان تعاون مزید مضبوط ہوگا۔فیکلٹی ممبران نے وفد کی آمد کو مثبت قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے دورے خطے کے ممالک کے درمیان تعلیمی اور صحافتی روابط کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔وفد میں بشیر احمد،صفات کبیر،عبیداللہ، یاسر عرفات، حسن شریف، مصطفی قاضی، مہدی حسن اور آنندی مصطفی شامل تھے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button