زیر سمندر خراب ہونے والی انٹرنیٹ کیبل ٹھیک کر دی گئی
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے شہر فجیرہ کے قریب سمندر میں بچھائی گئی انٹرنیٹ کیبل خراب ہونے سے پاکستان میں انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی واقع ہو گئی تھی تاہم مذکورہ کیبل میں پیدا ہونے والی خرابی کو دور کر دیا گیا ہے۔
اسلام آباد: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے شہر فجیرہ کے قریب سمندر میں بچھائی گئی انٹرنیٹ کیبل خراب ہونے سے پاکستان میں انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی واقع ہو گئی تھی تاہم مذکورہ کیبل میں پیدا ہونے والی خرابی کو دور کر دیا گیا ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فجیرہ کے قریب زیر سمندر بچھی انٹرنیٹ کیبل میں پیدا ہونے والی خرابی دور کر دی گئی ہے اور مذکورہ کیبل کے ذریعے انٹرنیٹ سروسز کو مکمل طور پر بحال کرنے کیلئے کام جاری ہے۔
ایک روز قبل ملک بھر میں سست رفتار انٹرنیٹ کی شکایات موصول ہونے لگی تھیں جس کی وجہ یہ بتائی گئی کہ زیر سمندر بچھی 25 ہزار کلومیٹر طویل ایشیاءیورپ ڈبل اے ای ون کیبل میں خرابی پیدا ہو گئی ہے۔ تاہم پی ٹی اے نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں بتایا ہے کہ خراب ہونے والی کیبل ٹھیک کی جا چکی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز یو اے ای میں فجیرہ کے قریب سب میرین کیبل میں خرابی کی نشاندہی کی گئی تھی جس کے باعث پاکستان میں متعدد صارفین کو انٹرنیٹ کی سست رفتاری کا سامنا کرنا پڑا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ فجیرہ کے قریب 40 ٹیرابائٹ کی کیبل ٹوٹ گئی جس کے باعث انٹرنیٹ سروسز متاثر ہوئیں جبکہ ذرائع کا مزید یہ کہنا تھا کہ خرابی کو دور کرنے میں کئی روز لگ سکتے ہیں۔