
جواد احمد-جرمنی،وائس آف جرمنی اردو نیوز کے ساتھ
جرمنی کے شمالی شہر ہینوور میں نامعلوم ڈرونز کی موجودگی کے باعث فضائی حدود عارضی طور پر بند کر دی گئی۔ ہوائی اڈے کے ترجمان کے مطابق جمعہ کی شام 9:47 سے رات 12:16 تک اس شہر کے ہوائی اڈے پر پروازیں معطل رہیں، جس کے نتیجے میں سات طیاروں کو پاڈربورن، بریمن، ڈوسلڈورف اور فرینکفرٹ سمیت دیگر شہروں کی جانب موڑنا پڑا۔
مقامی اخبار ہینوورشے الگمائنے سائٹنگ کے مطابق ایک ڈرون پہلے قریبی ماڈل ایئرڈروم کے نزدیک تقریباً 80 میٹر بلندی پر دیکھا گیا جبکہ ایک گھنٹے بعد کم از کم مزید دو ڈرونز ہوائی اڈے کی جانب بڑھتے ملے۔ نومبر میں بھی ڈرونز کی اطلاع پر ہینوور ایئرپورٹ 45 منٹ کے لیے بند کیا گیا تھا۔
حالیہ مہینوں میں جرمنی کے متعدد ہوائی اڈوں پر ڈرونز کی غیرقانونی پروازوں کے واقعات سامنے آئے ہیں۔ حکام شکوک ظاہر کرتے ہیں کہ ان کارروائیوں میں روس ملوث ہو سکتا ہے، تاہم اب تک اس سلسلے میں ثبوت سامنے نہیں آئے ہیں۔
دسمبر کے اوائل میں وفاقی دفتر برائے انسداد جرائم کے سربراہ ہولگر مونش نے بتایا تھا کہ رواں سال اب تک جرمنی میں ایک ہزار سے زائد مشتبہ ڈرون پروازیں ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔ ان میں زیادہ تر واقعات فوجی تنصیبات، ہوائی اڈوں اور دیگر حساس انفراسٹرکچر سے متعلق تھے۔ مونش کے مطابق ڈرون آپریٹرز کی شناخت مشکل ہونے کے باعث یہ طے کرنا ممکن نہیں کہ ان پروازوں کے پیچھے روسی عناصر شامل ہیں یا نہیں۔



