پاکستان پریس ریلیزاہم خبریں

وزیراعلیٰ مریم نواز کے ’’ستھرا پنجاب‘‘ ویژن کے تحت جہلم میں الیکٹرک بس سروس کا باقاعدہ آغاز

الیکٹرک بس سروس سے نہ صرف سفر آسان ہوگا بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔

مخدوم حسین.پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز کےساتھ

جہلم: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے انقلابی اور ماحول دوست ’’ستھرا پنجاب‘‘ ویژن کے تحت ضلع جہلم میں جدید الیکٹرک بس سروس کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ پنجاب حکومت کے جدید، صاف اور پائیدار پبلک ٹرانسپورٹ نظام کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے، جس سے شہریوں کو آرام دہ، محفوظ اور عالمی معیار کی سفری سہولیات میسر آئیں گی۔

الیکٹرک بس سروس کی افتتاحی تقریب انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منعقد ہوئی، جس میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان، صوبائی وزیر صحت و خصوصی ایمرجنسی سروسز خواجہ سلمان رفیق، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، اور مشیر صحت پنجاب ڈاکٹر اظہر کیانی (ریٹائرڈ جنرل) نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر دیگر سیاسی و سماجی شخصیات، سرکاری افسران، خواتین، طلباء اور شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

افتتاحی تقریب کے دوران معزز مہمانوں نے جادہ سے الیکٹرک بس میں سوار ہو کر بس روٹ کا عملی معائنہ کیا۔ بس کے سفر کے دوران مختلف علاقوں میں شہریوں نے الیکٹرک بس کا پرتپاک استقبال کیا اور حکومت پنجاب کے اس جدید اقدام کو خوش آئند قرار دیا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ الیکٹرک بس سروس سے نہ صرف سفر آسان ہوگا بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔

روٹ مکمل کرنے کے بعد الیکٹرک بس گورنمنٹ ہائی اسکول کے گراؤنڈ میں قائم مرکزی مقام پر پہنچی، جہاں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے نظرانداز کیے گئے پنجاب کو ’’کلین پنجاب‘‘ میں تبدیل کرنے کا جو وعدہ کیا تھا، وہ عملی صورت اختیار کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے دن رات کام کر رہی ہے اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں جدید اصلاحات اس کا واضح ثبوت ہیں۔

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پنجاب حکومت ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں ضلع جہلم میں 15 الیکٹرک بسیں تین مختلف روٹس پر چلائی جا رہی ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو محفوظ، آرام دہ اور عالمی معیار کی سفری سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

صوبائی وزیر صحت و خصوصی ایمرجنسی سروسز خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ الیکٹرک بس سروس کے لیے 22 بس اسٹینڈز مکمل کیے جا چکے ہیں جبکہ 20 سے زائد اضافی بس اسٹینڈز پر کام تیزی سے جاری ہے، جو جلد مکمل کر لیے جائیں گے۔

مشیر صحت پنجاب ڈاکٹر اظہر کیانی (ریٹائرڈ جنرل) نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا مشن ملک کو معاشی، سماجی اور دفاعی لحاظ سے مضبوط بنانا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اسی ویژن کے تحت ضلع جہلم کو اسی ماہ کے اندر مزید 12 الیکٹرک بسیں فراہم کی جائیں گی، جس سے شہریوں کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی۔

رکن قومی اسمبلی فرخ الطاف نے جہلم کے عوام کی جانب سے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ الیکٹرک بس سروس ضلع جہلم کے لیے ایک تاریخی تحفہ ہے جو شہریوں کی روزمرہ زندگی میں آسانی پیدا کرے گا۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء نے حکومت پنجاب کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ الیکٹرک بس سروس صاف، جدید اور پائیدار پبلک ٹرانسپورٹ کی جانب ایک اہم قدم ہے، جو نہ صرف شہری سہولیات میں بہتری لائے گا بلکہ ماحول کے تحفظ میں بھی معاون ثابت ہوگا۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button