پاکستان پریس ریلیزتازہ ترین

پنجاب میں سرمایہ کاری کے لئے بہترین اور موزوں وقت آچکا ہے،مریم نوازشریف

داماک گروپ نے پنجاب میں سرمایہ کاری کے لیے گہری دلچسپی کا اظہار کیا

سید عاطف ندیم-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز کے ساتھ
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے لیے بہترین اور موزوں وقت آچکا ہے اور حکومت صوبے کو ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور ڈیجیٹل اثاثہ جات کی جدت کو اپنانے کی جانب لے کر جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے داماک گروپ کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے داماک گروپ کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی۔
داماک گروپ کے وفد کی قیادت شریک مینجنگ ڈائریکٹرز عامرہ حسین سجوانی اور علی حسین سجوانی کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا جبکہ داماک گروپ کے وفد نے پروقار خیرمقدم پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں حکومتی اور تجارتی اثاثوں کی ٹوکنائزیشن کے عمل کو تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا اور مختلف شعبوں میں اسٹریٹجک سرمایہ کاری کے مواقع پر غور کیا گیا۔ نواز شریف آئی ٹی سٹی میں تجارتی اثاثوں کی پائلٹ ٹوکنائزیشن کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔ داماک گروپ نے پنجاب میں سرمایہ کاری کے لیے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب کو ڈیجیٹل اثاثہ جات اور نئی ٹیکنالوجی میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے پاکستان کا گیٹ وے بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب آئی ٹی برآمدات میں 65 فیصد حصے کے ساتھ پاکستان کی سب سے بڑی آئی ٹی اور ڈیجیٹل اکانومی ہے اور صوبے میں ہر سال 25 ہزار سے زائد آئی ٹی گریجویٹس افرادی قوت میں شامل ہو رہے ہیں۔ مریم نواز شریف کے مطابق لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان اور گوجرانوالہ ابھرتے ہوئے متحرک ٹیکنالوجی ہب ہیں جبکہ پنجاب نوجوانوں کے لیے وسیع تر مواقع کی سرزمین ہے۔
ملاقات کے دوران وفد کو سی بی ڈی قائد ماسٹر پلان، سائرس ٹاور، فائیو اسٹار ہاسپیٹلٹی ٹاور، ہائپر ریٹیل مال اور دیگر منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button