
35 ویں نیشنل گیمز میں پنجاب نے مجموعی طور پر 126میڈلز حاصل کرکے دیگر صوبوں کو پیچھے چھوڑ دیا ۔ فیصل ایوب کھوکھر
پنجاب حکومت کے اشتراک سے زلمی مدرسہ لیگ پنجاب سیزن 6 کا لاہور میں شاندار آغاز ہوگیا،وزیراعلی پنجاب نے سال 2026 میں انڈوومںٹ فنڈ کو 04 ارب کردیا ہے۔ فیصل ایوب کھوکھر
ناصف اعوان-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز کے ساتھ
حکومتِ پنجاب، پنجاب یونیورسٹی کالج اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ریلیجس ایجوکیشن (DGRE)، حکومتِ پاکستان کے باہمی اشتراک سے زلمی فاؤنڈیشن اور پیغامِ پاکستان کے زیر اہتمام زلمی مدرسہ لیگ پنجاب کے چھٹے ایڈیشن کا باقاعدہ آغاز پنجاب یونیورسٹی لاہور میں ہو گیا۔ افتتاحی تقریب میں صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر، وجیہہ قمر (منسٹر آف اسٹیٹ، فیڈرل ایجوکیشن و پروفیشنل ٹریننگ)، میجر جنرل (ر) ڈاکٹر غلام قمر (ڈائریکٹوریٹ جنرل مذہبی تعلیم)، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی، وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی اور پشاور زلمی کے چیف آپریٹنگ آفیسر میاں عباس لائق نے خصوصی شرکت کی۔
صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کیجانب سے زلمی مدرسہ لیگ میں شرکت کرنے والی تمام ٹیموں، منتظمین اور مدارس کے طلبہ کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیل نوجوانوں کی شخصیت سازی، نظم و ضبط اور قومی یکجہتی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، اور مدارس کے طلبہ کو کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھتے دیکھنا انتہائی خوش آئند ہے۔ پنجاب حکومت نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے متعدد اقدامات کر رہی ہے اور ایسے تمام مثبت اقدامات کی بھرپور سرپرستی جاری رکھے گی۔
صوبائی وزیر کھیل نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں کھلاڑیوں کے لیے انڈومنٹ فنڈ کو 2026 میں بڑھا کر 4 ارب روپے کر دیا گیا ہے، جبکہ مدرسہ لیگ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کے لیے انڈومنٹ فنڈ کے دروازے کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 35ویں نیشنل گیمز میں پنجاب نے 126 میڈلز حاصل کیے، کھیلتا پنجاب پروگرام میں اس سال ایک لاکھ 26 ہزار سے زائد نوجوان حصہ لیں گے، جبکہ پنک گیمز میں گزشتہ برس 1300 کے مقابلے میں اس سال 3000 ایتھلیٹس شرکت کریں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کرکٹ کے ساتھ ساتھ دیگر کھیلوں کو بھی تمام متعلقہ اداروں کے تعاون سے فروغ دیا جائے گا۔
منسٹر آف اسٹیٹ بلڈنگ وجیہہ قمر نے وزیراعلی پنجاب کی جانب سے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے انڈوومںٹ فنڈ قائم کرنے کو خراج تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کھیلوں کے ذریعے تمام صوبوں کو بہترین انداز میں جوڑا جاسکتا ہے۔
وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے پنجاب یونیورسٹی کی میزبانی کو مزید فروغ دینے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کے دروازے تمام نوجوانوں کے لیے کھلے ہیں جبکہ باپردہ خواتین کے لیے انڈور گیمز کی سہولت بھی موجود ہے۔ مولانا راغب نعیمی نے کہا کہ برسوں سے مدارس کے طلبہ کو نظرانداز کیا جاتا رہا، حالانکہ ان میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ اس لیگ کے ذریعے مدارس کے طلبہ کو اعتماد، قیادت اور مثبت مقابلے کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ پاکستان کے روشن مستقبل میں فعال کردار ادا کر سکیں۔
دیگر مقررین نے زلمی فاؤنڈیشن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ زلمی مدرسہ لیگ فاؤنڈیشن کا ایک نمایاں اور فلیگ شپ منصوبہ بن چکا ہے، جس کا بنیادی مقصد سماجی ہم آہنگی، بین المذاہب ہم فہمی اور پائیدار امن کے فروغ کے لیے نسبتاً نظرانداز نوجوان طبقے کو مثبت سرگرمیوں میں شامل کرنا ہے۔ زلمی مدرسہ لیگ سیزن 6 میں ملک بھر سے پندرہ ٹیمیں شریک ہیں، جبکہ افتتاحی روز تین میچز کھیلے گئے۔ یہ لیگ 2 سے 6 جنوری تک جاری رہے گی۔ اس سے قبل زلمی مدرسہ لیگ کے پانچ کامیاب سیزنز پشاور، وزیرستان، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں منعقد کیے جا چکے ہیں، جنہیں عوام، تعلیمی اور مذہبی حلقوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی۔



