
وفاقی وزیرشزا فاطمہ سے داماک پراپرٹیز کے وفد کی ملاقات،ڈیجیٹل تعاون اور امکانات پر تبادلہ خیال
وزیراعظم شہباز شریف کا ڈیجیٹل نیشن پاکستان وژن حکومت کی ڈیجیٹل پالیسیوں اور اصلاحات کی بنیاد ہے، جس کا مقصد ایک جامع اور انوویشن پر مبنی ڈیجیٹل معیشت کا قیام ہے۔
سید عاطف ندیم-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز کے ساتھ
وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ سے دبئی کی معروف رئیل اسٹیٹ کمپنی داماک پراپرٹیز کے وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے ڈیجیٹل اور ٹیکنالوجی ایکو سسٹم میں تعاون اور امکانات پر گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران پاکستان کے ڈیجیٹائزیشن وژن پر بھی وفد کو بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا ڈیجیٹل نیشن پاکستان وژن حکومت کی ڈیجیٹل پالیسیوں اور اصلاحات کی بنیاد ہے، جس کا مقصد ایک جامع اور انوویشن پر مبنی ڈیجیٹل معیشت کا قیام ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعظم کے رمضان پیکج کے تحت بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے صرف ایک ماہ میں پانچ لاکھ خواتین کے ڈیجیٹل والٹس کھولے گئے۔
وفاقی وزیر نے عالمی شراکت داریوں کے فروغ اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کو متوجہ کرنے کے لیے سازگار ڈیجیٹل ماحول فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ وفد نے پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں اور ملک کے ڈیجیٹلائزیشن فریم ورک کو سراہتے ہوئے پراپ ٹیک، ٹوکنائزیشن اور ٹیکنالوجی پر مبنی سرمایہ کاری میں پاکستان کے وسیع امکانات پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔



