
پنجاب کے پبلک تعلیمی اداروں کو معیاری تعلیمی سہولیات کا حامل بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔ وزیر تعلیم
سرکاری تعلیمی اداروں کو بین الاقوامی سہولیات کی طرز پر ڈھالنے کیلئے سنجیدہ اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ رانا سکندر حیات
مخدوم حسین-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز کے ساتھ
وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کی قیادت میں امریکہ سمیت 8 ممالک کے مندوبین نے نواز شریف سنٹر آف ایکسیلینس کا دورہ کیا جہاں وفد نے محنت کشوں کے زیر تعلیم بچوں سے ملاقات کی اور ان میں تحائف تقسیم کئے۔ وزیر تعلیم نے مندوبین کو ارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن کے سٹرکچر پر بریفنگ دیتے ہوئے تعلیمی سہولیات سے آگاہ کیا اور کلاس رومز، سوئمنگ پول سمیت دیگر جدید سہولیات کا دورہ کروایا۔ غیر ملکی مندوبین نے نواز شریف سنٹر آف ایکسیلنس کی سہولیات پر خوشگوار حیرت کا اظہار کرتے ہوئے پنجاب حکومت کے تعلیمی ویژن اور اقدامات کی تعریف کی اور نواز شریف سنٹر فار ارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن کو عالمی معیار کا ادارہ قرار دیا۔ مندوبین نے اعتراف کیا کہ پنجاب میں ارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن کا منفرد منصوبہ کسی بھی ترقی یافتہ ملک کے برابر تعلیمی سہولیات فراہم کررہا ہے۔ وفد نے پنجاب میں تعلیم کو اولین ترجیح بنانے پر وزیر اعلیٰ پنجاب خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ نواز شریف سنٹر آف ایکسیلنس فار ارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن پنجاب حکومت کے تعلیمی ویژن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ پنجاب کے پبلک تعلیمی اداروں کو معیاری تعلیمی سہولیات کا حامل بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔ سرکاری تعلیمی اداروں کو بین الاقوامی سہولیات کی طرز پر بنانے کیلئے سنجیدہ اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ رانا سکندر حیات نے کہا کہ نواز شریف سنٹر آف ایکسیلنس فار ارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن جیسے اسکول ہر ضلع میں بنا رہے ہیں۔



