
پنجاب میں جدید، محفوظ اور ماحول دوست عوامی ٹرانسپورٹ کے قیام کے لیے مؤثر نگرانی جاری
وزیراعلیٰ پنجاب کے ٹرانسپورٹ ویژن 2030 کے تحت ای بس سروس کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے مانیٹر
سید عاطف ندیم-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز کے ساتھ
وزیراعلیٰ پنجاب کے ٹرانسپورٹ ویژن 2030 کے تحت صوبے بھر میں جدید، محفوظ اور ماحول دوست عوامی سفری نظام کے قیام کے لیے کڑی نگرانی کا عمل جاری ہے۔ اس ویژن کے تحت پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی صوبے کے مختلف اضلاع میں چلنے والی ای بس سروس کو جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے ذریعے مسلسل مانیٹر کر رہی ہے، تاکہ شہریوں کو معیاری، محفوظ اور باوقار سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
ای بس سروس سے کروڑوں شہری مستفید، عوامی اعتماد میں اضافہ
پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کی چیف ایگزیکٹو آفیسر کوثر خان نے بتایا کہ ای بس سروس کے آغاز سے اب تک صوبے بھر میں کروڑوں شہری اس سہولت سے مستفید ہو چکے ہیں، جس کے نتیجے میں عوامی ٹرانسپورٹ پر شہریوں کے اعتماد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مختلف اضلاع میں چلنے والی گرین بسیں کامیابی کے ساتھ عوامی خدمت کا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں اور روزانہ ہزاروں مسافروں کو سہولت فراہم کر رہی ہیں۔
مفت اور باوقار سفری سہولت، عوام دوست ویژن کا عملی مظہر
سی ای او پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کے مطابق ای بس سروس کے تحت شہریوں کو مفت اور باوقار سفری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جو وزیراعلیٰ پنجاب کے عوام دوست ٹرانسپورٹ ویژن کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی وزیراعلیٰ پنجاب کے ٹرانسپورٹ ویژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے دن رات مصروفِ عمل ہے اور عوام کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔
کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے شفافیت اور نظم و ضبط یقینی
کوثر خان نے مزید بتایا کہ پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر مثبت نتائج دے رہا ہے۔ اس نظام کے ذریعے ای بس سروس میں نظم و ضبط، شفافیت اور بروقت نگرانی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے بسوں کے آپریشنز، روٹس، رفتار اور اوقات کار کی مؤثر نگرانی ممکن ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس نگرانی کے نظام سے نہ صرف بس آپریشنز بہتر ہوئے ہیں بلکہ مسافروں کے تحفظ، سہولت اور اعتماد میں بھی نمایاں بہتری آئی ہے۔
بین الاقوامی معیار کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ کی بہتری کا عمل جاری
چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی نے کہا کہ صوبے میں پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بہتر بنانے کا عمل تسلسل سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحول دوست ای بسوں کے ذریعے نہ صرف سفری سہولت بہتر ہو رہی ہے بلکہ فضائی آلودگی میں کمی اور توانائی کے مؤثر استعمال کو بھی فروغ مل رہا ہے۔
محفوظ، جدید اور ماحول دوست سفر وزیراعلیٰ پنجاب کی ترجیح
پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کا وژن ہے کہ صوبے کے شہریوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ، محفوظ اور ماحول دوست سفری سہولیات فراہم کی جائیں۔ ای بس سروس اور اس کی مؤثر نگرانی اس ویژن کی عملی مثال ہے، جو پنجاب میں عوامی ٹرانسپورٹ کے نظام کو ایک نئے دور میں داخل کر رہی ہے۔



