اہم خبریںپاکستان پریس ریلیز

صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال خان کی میاں منظور احمد وٹو کے تعزیتی ریفرنس میں شرکت

میاں منظور وٹو کی شائستگی، تحمل اور سیاسی بصیرت ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔رانا محمد اقبال خان

لاہور: سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں منظور احمد وٹو مرحوم کی یاد میں فارائین ایلومنائی فرٹنٹی کے زیرِ اہتمام گورنمنٹ اسلامیہ سول لائنز کالج لاہور میں ایک پُروقار تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن مجید سے ہوا، جس کے بعد نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی گئی۔
سیکرٹری جنرل فارن ایلومنائی فرٹنٹی اشرف شریف نے تقریب کے اغراض و مقاصد بیان کیے۔ تعزیتی ریفرنس میں صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال خان بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے جبکہ ڈائریکٹر جنرل پیمرا عائشہ وٹو، وائس چیئرمین پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی جہاں آرا وٹو، سینئر صحافی مجیب الرحمن شامی، میاں حبیب، حسن محمود زیدی، بریگیڈیئر (ر) جبار بٹ سمیت ممتاز صحافی، سفارتی، عسکری اور سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال خان نے میاں منظور احمد وٹو مرحوم کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ “آج ہم ایک ایسے عظیم سیاسی رہنما، مدبر قانون دان اور شائستہ انسان کی یاد میں جمع ہیں جن کا انتقال صوبے کی سیاست کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے کہا کہ بطور اسپیکر میاں منظور وٹو نے ایوان کو وقار، غیرجانبداری اور آئینی حدود کے اندر چلایا جبکہ بطور وزیراعلیٰ ان کا طرزِ حکمرانی توازن، مشاورت اور بردباری کی عملی مثال تھا۔ “میاں منظور وٹو اختلافِ رائے کو دشمنی نہیں بلکہ جمہوریت کا حسن سمجھتے تھے۔ ان کی شائستگی، تحمل اور سیاسی بصیرت ہمیشہ یاد رکھی جائے گی اور نئی نسل کے سیاستدانوں کے لیے مشعلِ راہ رہے گی۔” انہوں نے مرحوم کے لیے دعا مغفرت بھی کرائی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر صحافی میاں حبیب نے کہا کہ میاں منظور وٹو جمہوری روایات کے امین اور آئین و پارلیمان کے وقار کے علمبردار تھے۔ سینئر صحافی مجیب الرحمن شامی نے مرحوم کی شائستگی، بردباری اور وقار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اختلاف کے باوجود شائستگی کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑتے تھے۔بریگیڈیئر (ر) جبار بٹ نے ان کی قومی سوچ، تحمل اور اصول پسندی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ مرحوم کی صاحبزادیوں جہاں آرا وٹو اور عائشہ وٹو نے اپنے خطاب میں کہا کہ ان کے والد نے ہمیشہ عوامی خدمت اور جمہوری اقدار کو اپنی زندگی کا نصب العین بنایا اور وہ اصولوں پر مبنی سیاست کے قائل تھے۔ صوبائی وزیر قانون کو تعزیتی ریفرنس میں شرکت پر اعزازی شیلڈ سے بھی نوازا گیا۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button