پاکستان پریس ریلیزاہم خبریں

ملک میں گرین پولیسنگ کا تاریخی آغاز، پٹرولنگ کے لیے پہلی الیکٹرک گاڑی سڑکوں پر، پنجاب نے ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا

لاہور میں پہلی مرتبہ جدید ترین BYD الیکٹرک ٹریفک پٹرولنگ گاڑی کو پولیسنگ کے فرائض کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔ یہ ماحول دوست الیکٹرک گاڑی ایک مرتبہ مکمل چارج ہونے پر 410 کلومیٹر تک سفر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے

سید عاطف ندیم-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز، چیف منسٹر آفس کے ساتھ
لاہور: پنجاب نے جدید، ماحول دوست اور پائیدار پولیسنگ کی جانب ایک تاریخی سنگِ میل عبور کرتے ہوئے پاکستان کی تاریخ کی پہلی گرین پولیسنگ یونٹ کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور میں گرین پولیسنگ یونٹ کا افتتاح کیا، جس کے ساتھ ہی ملک میں پہلی مرتبہ پولیس پٹرولنگ کے لیے الیکٹرک گاڑیوں کو عملی طور پر سروس میں شامل کر دیا گیا۔

افتتاحی تقریب کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے گرین پولیسنگ یونٹ کی الیکٹرک پٹرولنگ گاڑی کا تفصیلی معائنہ کیا اور خود گاڑی ڈرائیو کر کے اس جدید ٹیکنالوجی پر مبنی اقدام کی کارکردگی اور افادیت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کو گرین پولیسنگ یونٹ کے قیام، الیکٹرک وہیکل کی تکنیکی خصوصیات اور مستقبل کے توسیعی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔
حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ لاہور میں پہلی مرتبہ جدید ترین BYD الیکٹرک ٹریفک پٹرولنگ گاڑی کو پولیسنگ کے فرائض کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔ یہ ماحول دوست الیکٹرک گاڑی ایک مرتبہ مکمل چارج ہونے پر 410 کلومیٹر تک سفر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، جبکہ یہ گاڑی 30 سے 80 فیصد تک صرف 30 منٹ میں فاسٹ چارج ہو جاتی ہے، جو اسے ہنگامی حالات اور مسلسل پٹرولنگ کے لیے انتہائی موزوں بناتی ہے۔

بریفنگ کے دوران یہ بھی بتایا گیا کہ گرین پولیسنگ یونٹ کی الیکٹرک گاڑیوں میں جدید ترین سرویلنس پی اے سسٹم، پولیس ایمرجنسی لائٹس، 360 ڈگری کیمرے، سپیڈ ڈیٹیکشن آلات اور دیگر جدید سیکیورٹی و مانیٹرنگ ٹیکنالوجی نصب کی گئی ہے، جس سے ٹریفک کنٹرول، جرائم کی روک تھام اور قانون نافذ کرنے کے عمل میں نمایاں بہتری آئے گی۔
حکام کے مطابق اس وقت پولیس پٹرولنگ پر مامور 103 روایتی گاڑیاں ماہانہ تقریباً 28 ہزار لیٹر ایندھن استعمال کرتی ہیں، جس پر 7.42 ملین روپے کے قریب اخراجات آتے ہیں۔ الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال سے فی گاڑی سالانہ تقریباً 4,500 لیٹر ایندھن کی بچت ممکن ہو سکے گی، جس سے نہ صرف آپریشنل اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی بلکہ زیرو کاربن اخراج کے ذریعے ماحولیاتی آلودگی میں بھی خاطر خواہ کمی واقع ہو گی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس موقع پر گرین پولیسنگ یونٹ کے لیے الیکٹرک گاڑیوں کی تعداد کو بتدریج بڑھانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس کامیاب ماڈل کو مرحلہ وار صوبے کے دیگر اضلاع تک وسعت دی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ اس منصوبے پر تیزی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ الیکٹرک گاڑیوں کا استعمال ایندھن کے اخراجات میں نمایاں کمی، ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور زیرو کاربن اخراج کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرین پولیسنگ پنجاب حکومت کے صاف ستھری فضا، جدید طرزِ حکمرانی اور گڈ گورننس کے وژن کی عملی تصویر ہے۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پولیس نظام کو زیادہ مؤثر، شفاف اور عوام دوست بنانے کے لیے پرعزم ہے، اور گرین پولیسنگ یونٹ اسی وژن کا تسلسل ہے جو مستقبل میں پورے صوبے میں جدید اور ماحول دوست پولیسنگ کی بنیاد رکھے گا۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button