پاکستاناہم خبریں

پاکستان: زندہ دلانِ لاہور کا شکریہ، بسنت کی خوشیاں منائیں، ہم آپ کے ساتھ ہیں: وزیراعلیٰ مریم نواز شریف

25 سال بعد لاہور میں تین روزہ بسنت بہار، مفت ٹرانسپورٹ، فری رائیڈز اور سخت حفاظتی انتظامات کا اعلان

سید عاطف ندیم-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز

لاہور میں 25 سال بعد تین روزہ بسنت بہار کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے زندہ دلانِ لاہور کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ بسنت کی خوشیاں منائیں، ہم آپ کے ساتھ ہیں، اپنی پریشانیاں بھلا کر نیلے افق کی طرف بڑھتی ہوئی گڈی پر توجہ مرکوز کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج لاہور میں پتنگیں نہیں بلکہ خوشیاں اڑ رہی ہیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ بسنت پنجاب کا ثقافتی ورثہ ہے اور ہمیں اپنی ثقافت پر فخر ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ بسنت کے تہوار پر ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں اور خوشیوں کے ہر لمحے میں اپنے اردگرد موجود لوگوں کو بھی شریک کریں۔

مفت ٹرانسپورٹ اور 60 ہزار سے زائد فری رائیڈز

وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ بسنت کے تینوں دن عوام کی مفت آمدورفت کے لیے 419 بسیں دستیاب ہوں گی۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بائیک کے بجائے ہر روٹ پر دستیاب مفت پبلک ٹرانسپورٹ کو ترجیح دیں۔
انہوں نے بتایا کہ بسنت کے موقع پر 60 ہزار سے زائد فری رائیڈز فراہم کی جائیں گی۔ اورنج لائن میٹرو ٹرین میں روزانہ 25 ہزار مسافروں کو مفت سفر کی سہولت دی جائے گی، جبکہ میٹرو بس، فیڈر بسیں اور گرین بسیں بھی فری ٹریول کی سہولت فراہم کریں گی۔ اس کے علاوہ 6 ہزار Yango رکشوں پر بھی شہریوں کو مفت سواری کی سہولت حاصل ہو گی۔

موٹر سائیکل اور رکشوں کے لیے حفاظتی اقدامات

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے واضح کیا کہ بائیک اور موٹر سائیکل رکشوں پر سیفٹی راڈ کا استعمال ناگزیر ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہری اپنی اور دوسروں کی جان کی حفاظت کو اولین ترجیح دیں۔

پتنگ بازی سے متعلق سخت قوانین

وزیراعلیٰ نے خبردار کیا کہ حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ مقررہ سائز اور سٹینڈرڈ کے مطابق پتنگیں اور ڈور استعمال کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ممنوعہ ڈور کے استعمال پر بھاری جرمانے اور طویل قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ پتنگ بازی کے لیے دھاتی تار، تندی، بلٹ پروف مٹیریل اور چرخی کا استعمال مکمل طور پر غیر قانونی ہے۔
مزید برآں، لاہور کے سول ایوی ایشن ایریاز میں پتنگ بازی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

رجسٹرڈ پتنگ اور ڈور خریدنے کی ہدایت

وزیراعلیٰ نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ صرف رجسٹرڈ مینوفیکچررز اور دکانداروں سے QR کوڈ لگی پتنگیں اور ڈور خریدیں۔
دکانداروں سے اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام بالخصوص بچوں کی خوشیوں کی راہ میں رکاوٹ نہ بنیں اور پتنگیں و ڈور مہنگے داموں فروخت نہ کریں۔

سکیورٹی اور ریسکیو کے خصوصی انتظامات

بسنت کے موقع پر عوام کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدام کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ ہر تحصیل میں 15 محکموں پر مشتمل کوئیک رسپانس ٹیمیں قائم کر دی گئی ہیں، جو کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ بسنت کے دوران تھرمل ڈرونز کے ذریعے سرویلنس جاری رہے گی، جبکہ پولیس، ٹریفک وارڈنز، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے شہریوں کی مدد کے لیے مکمل طور پر متحرک ہوں گے۔

چھتوں پر پتنگ بازی کے لیے احتیاطی تدابیر

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے شہریوں کو ہدایت کی کہ کھلی چھت پر پتنگ بازی کرتے وقت خصوصی احتیاط برتیں۔ جن گھروں کی چھتوں پر منڈیر موجود نہ ہو، وہاں چھت کے اطراف کم از کم نائیلون کی مضبوط ڈور ضرور باندھی جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ کھلی چھت پر حفاظتی اقدامات کی عدم موجودگی میں پتنگ بازی کی اجازت نہیں ہو گی۔

شہریوں سے تعاون کی اپیل

وزیراعلیٰ نے آخر میں کہا کہ پولیس، ٹریفک وارڈنز، انتظامیہ اور دیگر ادارے عوام کی سہولت اور حفاظت کے لیے موجود ہیں، شہری ان کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ بسنت کی خوشیاں محفوظ اور خوشگوار ماحول میں منائی جا سکیں۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button