
بسنت کے رنگ لاہور کے سنگ، قائمقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر خصوصی طور پر بسنت منانے دہلی گیٹ لاہور پہنچیں، وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے پرتپاک استقبال کیا
غیرملکی سفارتکاروں اور شوبز ستاروں کی دہلی گیٹ میں شاندار شرکت,بسنت کی بحالی کا پورا کریڈٹ وزیراعلیٰ پنجاب کو جاتا ہے
انصار ذاہدسیال-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز کے ساتھ
بسنت کے رنگوں نے شہرِ لاہور کو ایک بار پھر زندہ دلوں کی پہچان بنا دیا۔ دہلی گیٹ میں منعقدہ بسنت تقریبات میں لاہوریوں کے ساتھ غیرملکی سفارتکاروں اور شوبز انڈسٹری کے نامور ستاروں نے بھرپور شرکت کی اور خوشیوں کے اس تہوار کو خوب انجوائے کیا۔قائمقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر خصوصی طور پر بسنت منانے دہلی گیٹ لاہور پہنچیں، جہاں وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمٰی بخاری نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب اور صوبائی وزیر صہیب بھرت بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ امریکی ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری جان مارک، قونصل جنرل سٹیٹسن سینڈرز، صدف سعد، پولیٹیکل آفیسر جان سکیری اور سعد سرفراز نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ نیٹلی بیکر پیلے رنگ کی شرٹ پہن کر بسنت کے رنگوں میں رنگی نظر آئیں اور انہوں نے بسنت کی اجازت دینے پر حکومت پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔ امریکی قائمقام سفیر کی لاہور کے روایتی کھانوں سے تواضع بھی کی گئی۔
دوسری جانب کراچی اور بیرونِ ملک سے شوبز انڈسٹری کے معروف ستارے بھی بسنت منانے دہلی گیٹ پہنچے۔ اداکار یاسر حسین، میکال ذوالفقار، عدیل، محب مرزا، اداکارہ جگن کاظم، علی زرغون، فریال خان، اداکارہ گوہر اور اداکارہ آمنہ نے بسنت کی تقریبات میں شرکت کی اور لاہور کی رونقوں کو سراہا۔ فنکاروں نے بسنت کی بحالی پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کیا اور لاہور و بسنت کو لازم و ملزوم قرار دیا۔اداکار میکال ذوالفقار نے کہا کہ لاہور دوبارہ اپنے خوبصورت رنگوں کے ساتھ جاگ چکا ہے اور وہ بسنت کی واپسی پر بے حد خوش ہیں۔ اداکار عدیل نے کہا کہ وہ مریم نواز کے فین ہو چکے ہیں اور بسنت کی بحالی کا پورا کریڈٹ وزیراعلیٰ پنجاب کو جاتا ہے، جبکہ ان کے مطابق بسنت سے 350 ملین روپے کا ریونیو بھی اکٹھا ہوا ہے۔ اداکار یاسر حسین نے بسنت کے شاندار پروگرام کے انعقاد پر وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمٰی بخاری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ لاہور واقعی زندہ دلوں کا شہر ہے، جسے انہوں نے اپنی آنکھوں سے دیکھا۔ اداکار محب مرزا نے کہا کہ لاہور کی سڑکوں پر ہر طرف بسنت کے رنگ اور رونقیں نمایاں تھیں۔تقریب کے دوران ملکی و غیرملکی مہمانوں اور فنکاروں نے بسنت کی خوشیوں میں بھرپور شرکت کی اور لاہور کی ثقافتی روایت کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔




