پاکستان پریس ریلیزتازہ ترین

پنجاب میں توانائی کے شعبے میں بے پناہ پوٹینشل، بھرپور استفادہ کرنا وقت کی ضرورت ہے۔صوبائی وزیر توانائی

نیشنل گرڈ سے انڈسٹری کو درپیش مسائل کا پائیدار حل تلاش کرنا ہوگا۔ صنعتوں کو سستی اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ صوبائی وزیر توانائی ملک فیصل ایوب کھوکھر

انصار ذاہدسیال-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز کے ساتھ
صوبائی وزیر توانائی ملک فیصل ایوب کھوکھر کی زیر صدارت محکمہ توانائی میں ایک اہم اجلاس میں بجلی کی پیداواری لاگت میں کمی، متبادل ذرائع توانائی کے فروغ اور صنعتوں کو سستی و بلا تعطل بجلی کی فراہمی کے حوالے سے مختلف امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بجلی کی بڑھتی ہوئی لاگت پر قابو پانے کے لیے متبادل اور قابلِ تجدید توانائی ذرائع، خصوصاً سولر انرجی کو ترجیحی بنیادوں پر فروغ دیا جائے گا۔ ٹرانسپورٹ سیکٹر کی لاگت میں کمی کے لیے سولر آپشن کا جامع جائزہ لینے پر اتفاق کیا گیاجبکہ انڈسٹریل اسٹیٹس میں سولر پلانٹس کی تنصیب کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔ صوبائی وزیر نے ملتان، رحیم یار خان اور بہاولپور وغیرہ کے چیمبرز آف کامرس سے فوری رابطے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صنعتکاروں کی مشاورت سے قابلِ عمل تجاویز مرتب کی جائیں۔انہوں نے تمام متعلقہ افسران کو دو روز کے اندر بہترین تجاویز پر مشتمل جامع ڈرافٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔ اجلاس میں گرین بسز منصوبے میں سولر انرجی کو ترجیح دینے اور محکمہ ماحولیات کے تعاون سے ہڈیارہ ڈرین پر سولر پراجیکٹس لگانے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر توانائی نے کہا کہ پنجاب میں توانائی کے شعبے میں بے پناہ پوٹینشل موجود ہے اور اس سے بھرپور استفادہ کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل گرڈ سے انڈسٹری کو درپیش مسائل کا پائیدار حل تلاش کرنا ہوگا اور صنعتوں کو سستی اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام اور صنعتکاروں کے مفاد میں قابلِ عمل اور دیرپا فیصلے کیے جائیں گے تاکہ پنجاب کو توانائی کے شعبے میں خود کفیل بنایا جا سکے۔ اجلاس میں سیکرٹری توانائی ڈاکٹر فرخ نوید، ایڈیشنل سیکرٹری ماجد اقبال، پنجاب پاور ڈویلپمنٹ بورڈ کی سی ای او ثانیہ اویس اور مختلف کمپنیز کے سی ای اوز بشمول عدنان مدثر، عبدالرحمان اور بدر منیر سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button