یورپتازہ ترین

’امریکی ہلاکتوں‘ کے لیے ایران کو معلومات روس نے دیں، کالاس

یہ بات فرانس کے دارالحکومت پیرس کے مضافات میں صنعتی طور پر ترقی یافتہ ممالک کے گروپ جی سیون کے ایک اجلاس کے حاشیے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

روئٹرز اور اے ایف پی کے ساتھ

یورپی یونین کی خارجہ امور کی نگران اعلیٰ ترین اہلکار کایا کالاس کے بقول مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ میں ’امریکی ہلاکتوں‘ کے لیے ایران کو خفیہ معلومات روس نے مہیا کیں۔ کالاس نے امریکہ سے روس پر دباؤ بڑھانے کا مطالبہ بھی کیا۔

عرف عام میں یورپی یونین کی وزیر خارجہ کہلانے والی کایا کالاس نے یہ بات فرانس کے دارالحکومت پیرس کے مضافات میں صنعتی طور پر ترقی یافتہ ممالک کے گروپ جی سیون کے ایک اجلاس کے حاشیے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

خفیہ اداروں کی معلومات اور روسی ڈرونز

اس گفتگو میں کایا کالاس نے کہا، ”ہم دیکھ رہے ہیں کہ روس انٹیلیجنس انفارمیشن کے ساتھ ایران کی مدد کر رہا ہے، تاکہ امریکیوں کو ٹارگٹ کیا جا سکے، انہیں ہلاک کیا جا سکے۔ ساتھ ہی روس اب ایران کی ڈرونز کے ساتھ مدد بھی کر رہا ہے، تاکہ تہران خطے کے ممالک پر اور امریکی فوجی اڈوں پر حملے کر سکے۔‘‘

ماسکو میں روسی خفیہ ادارے ایف ایس بی کے ہیڈ کوارٹرز کی عمارت
ماسکو میں روسی خفیہ ادارے ایف ایس بی کے ہیڈ کوارٹرز کی عمارتتصویر: Alexander Nemenov/AFP/Getty Images

یورپی یونین کی اس اعلیٰ اہلکار نے امریکہ میں ٹرمپ انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ روس پر اپنا دباؤ بڑھا دے۔

کالاس نے، جو ماضی میں بالٹک کی جمہوریہ ایسٹونیا کی وزیر اعظم بھی رہ چکی ہیں، صحافیوں کو بتایا، ”یہ سب باتیں ایک دوسرے سے بہت زیادہ جڑی ہوئی ہیں۔ اگر امریکہ چاہتا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ ختم ہو جائے، اگر ایران کو حملوں سے روکنا ہے، تو امریکہ کو روس پر بھرپور دباؤ ڈالنا ہو گا، تاکہ پھر ایران بھی ماسکو کی مدد کرنے کے قابل نہ رہے۔‘‘

نیوز ایجنسی اے ایف پی نے لکھا ہے کہ کایا کالاس کے اس موقف سے مراد یہ ہے کہ روس پر دباؤ ڈال کر اسے ایران کی مدد کرنے سے روکا جائے اور جب ایران خلیجی ممالک پر حملوں کے قابل نہیں رہے گا، تو وہ یوکرین کی جنگ میں بھی ماسکو کی کوئی مدد نہیں کر سکے گا۔

جدہ، سعودی عرب میں مارے جانے والے ایک امریکی فوجی کی تابوت میں بند میت امریکہ واپسی کے لیے ایک فوجی ہوائی جہاز میں منتقل کی جا رہی ہے
جدہ، سعودی عرب میں مارے جانے والے ایک امریکی فوجی کی تابوت میں بند میت امریکہ واپسی کے لیے ایک فوجی ہوائی جہاز میں منتقل کی جا رہی ہےتصویر: Ken Cedeno/REUTERS

یوکرین کی جنگ اس مشرقی یورپی ملک میں روسی فوجی مداخلت کے ساتھ شروع ہوئی تھی اور کییف حکومت اور کئی مغربی ممالک کا الزام ہے کہ اس جنگ میں ایران اپنے ڈرونز کے ساتھ مسلسل ماسکو کی مدد کر رہا ہے۔

یوکرینی جنگ کے خاتمے کی کوششیں

ستائیس رکنی یورپی یونین کی اعلیٰ ترین سفارت کار نے جی سیون اجلاس کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو میں یوکرینی جنگ کے بارے میں بھی کھل کر اور براہ راست بات کی۔

انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کو یوکرین سے متعلق یہ تشویش ہے کہ روس کے ساتھ جنگ بندی مذاکرات میں امریکہ کییف پر دباؤ ڈال کر اسے مجبور کر سکتا ہے کہ وہ اپنے ریاستی علاقے روس کے حوالے کرنے پر تیار ہو جائے۔

اسرائیل میں ایک ایرانی راکٹ حملے کے بعد کا منظر، پندرہ مارچ کو لی گئی ایک تصویر
اسرائیل میں ایک ایرانی راکٹ حملے کے بعد کا منظر، پندرہ مارچ کو لی گئی ایک تصویرتصویر: Jack Guez/AFP/Getty Images

انہوں نے کہا، ”یہ واضح طور پر غلط سوچ ہے۔ یہ مذاکرات کا وہ طریقہ ہے، جس پر روس عمل کر رہا ہے۔ وہ ایسے علاقے مانگ رہے ہیں، جو ان کے کبھی تھے ہی نہیں۔ اسی لیے ہمیں اس بارے میں تشویش ہے اور ہم اس نوعیت کی کوششوں کے ایسا جال قرار دیتے ہیں، جس میں ہمیں پھنسنا نہیں چاہیے۔‘‘

اسی دوران یوکرینی صدر زیلنسکی نے روئٹرز کو بتایا کہ امریکہ یوکرین کے لیے اپنی طرف سے سلامتی کی ضمانتوں کو اس بات سے مشروط کرتا رہا ہے کہ کییف حکومت مشرقی یوکرین میں ڈونباس کے وسیع تر علاقے سے روس کے حق میں دستبردار ہونے پر تیار ہو جائے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button