
By www.vogurdunews.de
اسلام آباد: وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پولیس کی طرف سے الیکٹرک وہیکلز کے استعمال کے آغاز کو خوش آئند اور صوبوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کیلئے قابل تقلید قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے قیمتی زر مبادلہ کی بچت ہوگی۔ وہ پیر کو یہاں اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری ٹریفک پولیس کو ماحول دوست الیکٹرک وہیکلز کی فراہمی کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کے علاوہ اسلام آباد پولیس و ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ اسلام آباد پولیس کی طرف سے ٹریفک اور امن و امان کے قیام کیلئے الیکٹرک وہیکلز کے استعمال کا آغاز ہوا ہے، اس سے قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوگی جو آج کل کے حالات میں جبکہ پٹرول کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں بالخصوص انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ پورے ملک کے قانون نافذ کرنے والے ادارے اور صوبائی حکومتیں بھی اس کی تقلید کریں گے اور الیکٹرک وہیکلز کا آغاز کریں گے۔ قبل ازیں انہوں نے الیکٹرک وہیکلز کو معائنہ کیا۔ واضح رہے کہ حکومت کی دوراندیش پالیسی کی بدولت خلیج کا بحران شروع ہونے سے پہلے ہی فیول اکانومی اور برقی گاڑیوں کی پالیسی پر کام شروع ہو چکا تھا اور چند ماہ پہلے ہی ان گاڑیوں کی پروکیورمنٹ کا آغاز کر دیا گیا تھا۔ آئی جی اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی نے وزیر اعظم کو بریفنگ میں بتایا کہ ابتدائی طور پر اسلام آباد ٹریفک پولیس کو 15 ماحول دوست ایکو-سمارٹ الیکٹرک وہیکلز کی فراہمی وزیراعظم کے وژن اور حکومت کی توانائی بچت کی پالیسی کا حصہ ہے، ہر گاڑی کے لئے ایک کپتان، ایک مرد رسپانڈر ، ایک رسپانڈر اور ایک ڈرائیور کا سٹاف ہو گا جن کے لئے خصوصی وردیاں ہوں گی۔ یہ گاڑیاں شہر کی اہم شاہراہوں پر موجود رہیں گی تاکہ ٹریفک کا بہاؤ مزید بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ مکمل طور پر چارج ایک گاڑی 350 سے 400 کلو میٹرز کا فاصلہ طے کر سکتی ہے۔ تیز ترین چارجنگ 60 سے 90 منٹ جبکہ ریگولر چارجنگ کے لئے 6 سے 8 گھنٹے درکار ہوں گے۔ پٹرول پر چلنے والی گاڑیوں کے مقابلے میں ان گاڑیوں کے استعمال سے فی گاڑی 0.55 ملین روپے ماہانہ کی بچت ہو گی اور یہ برقی گاڑیاں 13 سے 14 مہینوں میں اپنی لاگت پوری کر لیں گی۔ بریفنگ کے مطابق جلد ہی 15 مزید الیکٹرک وہیکلز اسلام آباد ٹریفک پولیس کے فلیٹ میں شامل ہو جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس کے فلیٹ میں ان برقی گاڑیوں کی شمولیت وفاقی حکومت کے اسلام آباد میں جدید ٹریفک مینجمنٹ پلان کا حصہ ہے۔


