پاکستاناہم خبریں

دکانیں آٹھ بجے، رسٹورینٹس، میرج ہالز 10 بجے رات بند: وزیر اعظم پاکستان

وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ملک بھر میں بازار، مارکیٹیں، شاپنگ مالز، روزمرہ استعمال کی اشیا کی دکانیں اور ڈیپارٹمنٹل اسٹورز رات آٹھ بجے بند کر دیے جائیں گے

پاکستان،ایجنسیاں
وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں ملک بھر میں توانائی کے مؤثر استعمال اور بچت کے پیش نظر مختلف کاروباری مراکز کے اوقات کار میں نمایاں تبدیلیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت شام کے بعد سرگرمیوں کو محدود کرنے کی پالیسی نافذ کی جائے گی۔
وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ملک بھر میں بازار، مارکیٹیں، شاپنگ مالز، روزمرہ استعمال کی اشیا کی دکانیں اور ڈیپارٹمنٹل اسٹورز رات آٹھ بجے بند کر دیے جائیں گے۔ اس اقدام کا مقصد توانائی کے استعمال میں کمی اور نظام کو زیادہ مؤثر بنانا قرار دیا گیا ہے۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ کھانے پینے کے مراکز سے متعلق الگ اوقات مقرر کیے گئے ہیں، جن کے تحت بیکریاں، ریسٹورنٹس، تندور اور دیگر فوڈ آؤٹ لیٹس رات 10 بجے تک کھلے رہ سکیں گے، تاہم اس کے بعد ان کی بندش لازم ہوگی۔ اسی طرح شادی ہالز اور مارکیز کو بھی رات 10 بجے کے بعد بند رکھنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
مزید برآں نجی رہائشی مقامات پر منعقد ہونے والی شادی بیاہ کی تقریبات پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے، جس کے مطابق ایسی تقریبات رات 10 بجے کے بعد جاری نہیں رہ سکیں گی، تاکہ مجموعی طور پر توانائی کے استعمال میں کمی لائی جا سکے۔
اجلاس میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ ادویات کی فراہمی سے متعلق سہولیات متاثر نہیں ہوں گی، اور میڈیکل اسٹورز اور فارمیسیز کو ان پابندیوں سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو صحت کے حوالے سے کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اعلامیے کے مطابق ان تمام فیصلوں کا اطلاق سات اپریل سے ملک بھر میں ہوگا، اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ان احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button