پاکستان پریس ریلیزتازہ ترین

سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں کی زیر صدارت کمیٹی برائے قانونی اصلاحات کا اہم اجلاس، قوانین میں بہتری اور پولیس احتساب پر زور

کمیٹی نے قرار دیا کہ وہ شق جس کے تحت بظاہر ذریعہ معاش نہ رکھنے والے افراد کے خلاف کارروائی کی جا سکتی ہے

سید عاطف ندیم-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز کے ساتھ
سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں کی زیر صدارت کمیٹی برائے قانونی اصلاحات و ذیلی قانون سازی کا ایک اہم اجلاس پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا جس میں صوبائی اسمبلی پنجاب کے قوائد و انضباط کار 1997 میں حالیہ ترامیم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی نے قواعد و ضوابط میں مزید بہتری، مؤثر عملدرآمد اور پارلیمانی نگرانی کو مضبوط بنانے سے متعلق مختلف سفارشات پر غور کیا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے ہدایت کی کہ نئی پارلیمانی اصلاحات سے متعلق تمام متعلقہ محکموں اور اداروں کو بروقت اور باقاعدہ آگاہ کیا جائے تاکہ ان اصلاحات کا مؤثر نفاذ یقینی بنایا جا سکے۔اجلاس میں ضابطہ فوجداری 1898 کی دفعہ 55 کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا جس پر کمیٹی نے اس کے نوآبادیاتی پس منظر پر سنجیدہ تحفظات کا اظہار کیا۔

کمیٹی نے قرار دیا کہ وہ شق جس کے تحت بظاہر ذریعہ معاش نہ رکھنے والے افراد کے خلاف کارروائی کی جا سکتی ہے، دراصل غربت اور بے روزگاری کو جرم قرار دیتی ہے جو جدید آئینی اور جمہوری اقدار کے منافی ہے۔ کمیٹی نے واضح کیا کہ اس نوعیت کی اصطلاحات استحصالی نوآبادیاتی قانون سازی کی باقیات ہیں اور موجودہ دور میں ان کی کوئی گنجائش نہیں۔ محض غربت، بے روزگاری، بے گھری یا وسائل کی کمی کسی بھی شہری کو پولیس کارروائی کا ہدف بنانے کی بنیاد نہیں بن سکتی۔ کمیٹی نے زور دیا کہ ضابطہ فوجداری کی دفعہ 55 میں فوری ترامیم کی جائیں اور اسی نوعیت کی دیگر فرسودہ اور جابرانہ قانونی شقوں کا بھی ازسرنو جائزہ لیا جائے۔ کمیٹی نے پنجاب پولیس کو ہدایت کی کہ دفعہ 55 کے تحت ہونے والی کارروائیوں، گرفتاریوں اور مقدمات سے متعلق مکمل اعداد و شمار کمیٹی کو فراہم کیے جائیں تاکہ قانون کے اطلاق کا جامع جائزہ لیا جا سکے۔ اجلاس میں پولیس حکم نامہ 2002 پر مؤثر عملدرآمد اور پولیس کی جمہوری جوابدہی کے ادارہ جاتی نظام کے قیام پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ کمیٹی نے صوبائی عوامی تحفظ و پولیس شکایات کمیشن کے فوری قیام کی ضرورت پر زور دیا اور ضلعی سطح پر ایسے کمیشنز کے قیام میں حائل قانونی و انتظامی رکاوٹیں فوری طور پر دور کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ پولیس کی خودمختاری کے ساتھ اس کی مؤثر جمہوری جوابدہی بھی لازم ہے۔ کمیٹی نے قرار دیا کہ پولیس احتساب کے مؤثر اداروں کے بغیر اچھی حکمرانی، شفافیت اور عوامی اعتماد کا قیام ممکن نہیں۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button