
By www.vogurdunews.de
عالمی رہنماؤں نے ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی میں پاکستان کے کردار کا خیرمقدم کیا ہے۔انہوں نےجنگ بندی کے لیے پاکستان کے بطور ثالث نتیجہ خیز کردار اور انتھک کوششوں کو بھرپور انداز میں سراہا ہے۔
سوشل میڈیا "ایکس” پر اپنے بیان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے امن کے قیام میں پاکستان کے مؤثر اور نتیجہ خیز کردار پر شکریہ ادا کیا۔سابق اطالوی وزیراعظم پاؤلو جینٹیلونی نے کہا کہ امریکہ ایران جنگ بندی میں کردار ادا کرنے پر پاکستان نوبل امن انعام کا حق دار ہے۔
یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوستانے امریکا اور ایران کے درمیان دو ہفتوں کی جنگ بندی کے اعلان کا خیرمقدم کیا اپنے بیان میں انہوں نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ جنگ بندی کی شرائط پر مکمل عمل کریں تاکہ خطے میں پائیدار امن حاصل کیا جا سکے۔انہوں نے اس معاہدے کو ممکن بنانے میں پاکستان اور دیگر متعلقہ فریقین کی کوششوں کو بھی سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
یورپی کمیشن کی صدراورسولا وان ڈیر لیین نے امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والی دو ہفتوں کی جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ جنگ بندی خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔انہوں نے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے ثالثی کے کردار پر شکریہ بھی ادا کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یورپی یونین اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر اس مقصد کے حصول کے لیے تعاون جاری رکھے گی تاکہ خطے میں دیرپا امن قائم کیا جا سکے۔



