افغانستان سے میچ جیتنے والی رات رو پڑا تھا، آصف علی
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ اور افغانستان کے خلاف شاندار چھکوں کی بدولت گرین شرٹس کو یادگار فتح دلوانے والے
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ اور افغانستان کے خلاف شاندار چھکوں کی بدولت گرین شرٹس کو یادگار فتح دلوانے والے آصف علی کا کہنا ہے کہ وہ افغانستان سے فتح والی رات کو رو پڑے تھے۔
پی سی بی کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری ویڈیو بیان میں آصف علی کا کہنا تھا کہ افغانستان سے فتح کے بعد روپڑا تھا، اس رات میں سوچ رہا تھا کہ ہم کتنے خوش قسمت ہیں کہ پاکستان کی عوام ہماری وجہ سے خوش ہے، ان حالات میں ہم نے عوام کو بہت بڑی خوشی دی ہے۔
آصف علی کا کہنا تھا کہ مجھے اصل خوشی تب ہوگی جب ان شاء اللہ ہم ورلڈ کپ جیتیں گے اور اس وقت میں اپنی خوشی آپ لوگوں کو ظاہر کرواؤں گا۔
ویڈیو بیان میں آصف علی نے شاداب خان کے ساتھ بیٹنگ کے دوران سنگل نہ لینے کی وجہ بھی بتائی۔
آصف علی کا کہنا تھا کہ سب کو پتا ہے کہ میں نے جان بوجھ کر سنگل نہیں لیا تھا، شاداب نے مجھ سے دو مرتبہ پوچھا کہ میں نے سنگل کیوں نہیں لیا لیکن میں نے بہانہ بنا دیا کہ بولر میرے سامنے آگیا تھا لہٰذا بال کا پتا نہیں چلا۔
پاک افغان میچ کے ہیرو آصف علی نے قرآنی آیت لکھ کر جذبات کا اظہار کیا
پہلی بار 55 ہزار ملے تو چیک جیب میں رکھ کر سویا، آصف علی کا پرانا انٹرویو وائرل
آصف علی نے اپنے بیان میں پاکستانی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کی تعریف کرتے ہوئےکہا کہ وہ قومی ٹیم کے لیے پچھلے 2 ،3 سالوں سے کھیل رہے ہیں لیکن جو چیز اب ٹیم میں دکھائی دیتی ہے وہ پہلے اتنی نہیں تھی، اب ٹیم میں سارے لڑکے ایک دوسرے کی پرفارمنس سے خوش ہوتے ہیں، سینئر جونیئر کے ساتھ اچھے ہیں اور جونیئر سینئر کو عزت دیتے ہیں۔
واضح رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں سپر 12 مرحلے میں پاکستان نے آصف علی کے 4 چھکوں کی بدولت افغانستان کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
پاکستان کو 12 گیندوں پر 24 رنز درکار تھے کہ آصف علی نے کریم جنت کو 19 ویں اوور میں 4 چھکے لگا کر میچ ایک اوور پہلے ہی ختم کر دیا۔