اسلام آباد : کالعدم ٹی ایل پی اور حکومت کے درمیان 13 دن کے احتجاج کے بعد معاہدہ طے پا گیا ہے معاہدے کی تفصیلات تو سامنے نہیں آسکیں تاہم علمائے کرام کا کہنا ہے کہ معاہدہ کرانے میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اہم کردار ادا کیا۔
مفتی منیب الرحمن کے ہمراہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کرنے والے سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین مولانا بشیر فاروقی نے صرف بتایا کہ آرمی چیف نے اس سارے معاملے میں بہت اچھا کردار ادا کیا ہے اور سارے معاملات ایک روز میں درست ہوجائیں گے۔دھرنا ختم ہونے کا اعلان بھی آج ہی کردیا جائےگا۔
واضح رہے کہ حکومت اور کالعدم جماعت کے درمیان معاہدہ طے پاگیا ہے. فریقین کی طرف سے معاہدے کی تفصیلات سامنے لانے اور کسی بھی سوال کا جواب دینے سے صاف انکار کردیا گیا۔ معاہدے کی شرائط پر عملدرآمد کے لئے وزیر مملکت پارلیمانی امور علی محمد خان کی سربراہی میں 6 رکنی سٹئیرنگ کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔
وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت، سیکرٹری داخلہ، ہوم سیکرٹری پنجاب اور کالعدم جماعت کی طرف سے مفتی غلام غوث بغدادی، انجینئر حفیظ اللہ قلبی سٹیئرنگ کمیٹی کا حصہ ہونگے ۔
پریس کانفرنس میں کالعدم جماعت کی نمائندگی علامہ عباس فیضی اور مفتی محمد عمیر نے کی ۔ میڈیا کے سوالات سے قبل ہی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کھڑے ہوگئے ان کے ساتھ تمام پریس کانفرنس کرنے والے بھی کھڑے ہوگئے اور پریس کانفرنس میں کسی بھی سوال کا جواب سے انکارکردیا ۔ پریس کانفرنس کے بعد مفتی منیب الرحمن سے بار بار معاہدے کی تفصیلات ، دھرنا کب ختم ہوگا ؟ جیسے سوالات پوچھے گئے مگر انہوں نے جواب دینے سے انکار کردیا۔