
عمانی وزیر ہاؤسنگ واربن پلاننگ کا پنجاب کے”اپنی چھت،اپنا گھر“پراجیکٹ میں دلچسپی کا اظہار
انہوں نے کہا کہ منصوبے میں صرف 14 ہزار روپے کی آسان قسط کی وجہ سے ریکوری ریٹ 99 فیصد سے زیادہ ہے
انصار ذاہد سیال-پاکستان
مسقط: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے عمان کے وزیر ہاؤسنگ و اربن پلاننگ ڈاکٹر خلفان بن سعید بن مبارک الشویلی نے ملاقات کی۔عمانی وزیر نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور وفد کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور انہیں یو این ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ ملنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے پنجاب کے ”اپنی چھت، اپنا گھر“ منصوبے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب کے ”اپنی چھت، اپنا گھر“ منصوبے کی پذیرائی پر شکریہ ادا کیا اور عمانی وفد کو منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے ”اپنا کھیت، اپنا روزگار“، ”اپنی زمین، اپنا گھر“ اور ”اپنی چھت، محفوظ چھت“ منصوبوں کی تفصیلات بھی بتائیں۔مریم نواز شریف نے کہا کہ صرف 18 ماہ میں ”اپنی چھت، اپنا گھر“ کیلئے گھر بنانے کے لیے 2 لاکھ سے زائد افراد کو قرضے جاری ہونا غیرمعمولی امر ہے۔ منصوبے کیلئے 260 ارب روپے کے بلاسود قرضے جاری ہوچکے ہیں جبکہ اقساط کی وصولی بھی شروع ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ”اپنی چھت، اپنا گھر“ کے تحت سوا لاکھ سے زائد خاندان اپنے گھروں میں منتقل ہوچکے ہیں۔ میرٹ اور شفافیت پروگرام کی انفرادیت ہے اور کسی سفارش کی ضرورت نہیں۔مریم نواز شریف نے کہا کہ وہ ”اپنی چھت، اپنا گھر“ کے تحت 10 لاکھ گھر بنانا چاہتی ہیں تاہم معاشی رکاوٹیں حائل ہیں۔ پانچ سال میں کم آمدن والے لوگوں کیلئے 5 لاکھ گھر بنانے کا ہدف پورا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ منصوبے میں صرف 14 ہزار روپے کی آسان قسط کی وجہ سے ریکوری ریٹ 99 فیصد سے زیادہ ہے۔ پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹری کے تحت صوبہ بھر کا مکمل ڈیٹا مرتب کیا گیا ہے اور اسی ڈیٹا کی مدد سے گھروں کی ضرورت کا تعین کیا جاتا ہے۔ملاقات میں اربن پلاننگ و ڈویلپمنٹ سے متعلق امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
عمانی وزیر ہاؤسنگ و اربن پلاننگ ڈاکٹر خلفان بن سعید بن مبارک الشویلی نے کہا کہ عمان میں مقیم پاکستانیوں کی بہت بڑی کمیونٹی قابل قدر خدمات انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمان ہر پاکستانی کی طرح وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے لیے بھی دوسرے گھر کی مانند ہے۔
ڈاکٹر خلفان الشویلی نے بتایا کہ عمان میں ہاؤسنگ لون کے دو ماڈل ہیں، ایک ہزار ڈالر سے کم آمدن پر ہاؤسنگ گرانٹ دی جاتی ہے جبکہ عمان ہاؤسنگ بینک کے ذریعے قرضے دیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ”اپنی چھت، اپنا گھر“ بلاسود ہونے کی وجہ سے زیادہ بہتر منصوبہ ہے۔
عمانی وزیر نے کہا کہ عمان میں ہاؤسنگ اور اربن ڈویلپمنٹ کے دو مختلف محکمے کام کر رہے ہیں۔ مسقط میں نمو پذیر رئیل اسٹیٹ انڈسٹری کیلئے مربوط منصوبہ بندی اور پائیدار حکمت عملی کے تحت اربن پلاننگ پر توجہ دی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر کمیونٹی اور سیکٹر کی ضروریات کے پیش نظر اقتصادی اور ماحولیاتی منصوبہ بندی کے تحت اربن ڈویلپمنٹ کی جارہی ہے، جبکہ مستقبل کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے سمارٹ ہاؤسنگ پر بھی توجہ دی جارہی ہے۔عمانی وزیر ہاؤسنگ و اربن پلاننگ نے کہا کہ پاکستانی کمپنیاں مسقط کے رئیل اسٹیٹ کاروبار میں قابل قدر خدمات انجام دے رہی ہیں۔



